ایٹا نگر//اروناچل پردیش کی حکومت ہندوستانی فوج کے ساتھ مل کر کوہ پیما تاپی میرا اور ان کے ساتھی نکو ڈاؤ کا سراغ لگانے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے ۔ یہ دونوں مبینہ طور پرماؤنٹ کھیاریسٹم کی ایک مہم کے دوران لاپتہ ہو گئے تھے ۔ ماؤنٹ کھیاریسٹم سرحدی ریاست کی بلند ترین چوٹیوں میں سے ایک ہے ۔ محکمہ دفاع کے ذرائع نے کہا، “مشرقی کامینگ ضلع کے ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) کی فراہم کردہ معلومات کے مطابق، آپریشن کے دو ارکان 17 اگست سے لاپتہ ہیں۔ اس ٹیم میں چھ لوگ شامل تھے ، جو 29 اگست کی شام کو مہم بیس کیمپ سیپا (مشرقی کامینگ ضلع کا ہیڈکوارٹر) پہنچی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے تلاش اور بچاؤ آپریشن میں ہندوستانی فوج کے تیج پورواقع گجراج کور سے مدد طلب کی ہے ۔ فوج نے پہلے ہی آپریشن شروع کر دیا ہے ۔ دواے ایل ایچ اور دو چیتا ہیلی کاپٹر کواسٹینڈ بائی پر رکھاگیاہے ۔ موسم صاف ہونے کے بعد، انہیں ٹیم کے ایک رکن کے ساتھ علاقے کی فضائی نگرانی کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ تیج پور میں قائم محکمہ دفاع کے تعلقات عامہ کے افسر لیفٹیننٹ کرنل اے ایس والیہ نے کہا کہ فوج کے اعلیٰ تربیت یافتہ اور خصوصی دستے نیزاروناچل اسکاؤٹس کی ٹیموں کوبھی چیلنج والے علاقے میں تلاشی مہم کے لیے تعینات کیا جا رہا ہے ۔ مشرقی کامینگ کے ڈپٹی کمشنر پرویمل ابھیشیک پولمتلا نے کہا کہ خراب موسم کی وجہ سے منگل کو ہندوستانی فوج کے ساتھ فضائی تلاشی اور بچاؤ آپریشن کے منصوبے پر عمل نہیں کیاجاسکا۔