بانڈی پورہ // ضلع بانڈی پورہ میں مشتبہ جنگجوؤں نے کانگریس کے ایک مقامی لیڈر کی رہائش گاہ پر حملہ کیا۔بتایا جاتا ہے کہ مشتبہ جنگجوؤں نے اتوار کی رات قریب 2بجے حاجن کے پرے محلہ میں واقع کانگریسی لیڈر امتیاز پرے کی رہائش گاہ کو نشانہ بناکر گرینیڈ پھینکا اور شدید فائرنگ کی۔ امتیاز پرے کی رہائش گاہ کی حفاظت پر مامور فورسز اہلکاروں نے جوابی فائرنگ کی اور طرفین کے مابین گولہ باری کا سلسلہ کچھ دیر تک جاری رہا‘۔ جنگجوؤں نے امتیاز پرے کی رہائش گاہ کو پچھواڑے کی طرف سے نشانہ بنایا اور بعد میں نعرے لگائے۔ حملہ آور اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ امتیاز پرے سابق ممبر اسمبلی کوکہ پرے کے فرزند ہیں۔اخوان کے پہلے کمانڈر کو جنگجوؤں نے ستمبر 2003 ء میں دو دیگر ساتھیوں کے ساتھ ہلاک کیا تھا۔