سمت بھارگو
راجوری//راجوری ضلع میں کوٹرنکہ سب ڈویژن ہیڈکوارٹر کو خواص تحصیل سے جوڑنے والی اہم سڑک گزشتہ دس روز سے بند پڑی ہے، جس کی وجہ سے ہزاروں افراد مشکلات کی چکی میں پسنے پر مجبور ہیں۔ یہ سڑک 6ستمبر سے بند ہے اور اب تک بحال نہیں ہو سکی ہے۔خواص تحصیل کی آبادی تقریباً 20 ہزار ہے جو پندرہ سے زائد دیہات میں آباد ہے۔ ان تمام دیہات کی واحد سہارا کوٹرنکہ۔خواص سڑک ہے جو بڈھال گاؤں کے مقام پر بڑے پیمانے پر زمین کھسکنے کے نتیجے میں تباہ ہو گئی۔ تقریباً دو سو میٹر سڑک کھائی میں بہہ جانے سے علاقے کی تمام تر زمینی رابطہ سڑک منقطع ہو گیا ہے۔یہ سڑک نہ صرف خواص تحصیل ہیڈکوارٹر کو کوٹرنکہ سے جوڑتی ہے بلکہ ان پسماندہ علاقوں کو ضلع راجوری کے ساتھ ملانے والی سب سے اہم سڑک بھی ہے۔مقامی باشندہ دانش سنگھ سکنہ خواص نے بتایا کہ ’متبادل کوئی قریبی راستہ موجود نہیں ہے، ہمیں کوٹرنکہ پہنچنے کے لئے کئی کلومیٹر پیدل چلنا پڑ رہا ہے‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی کو راجوری جانا ہو تو اب مغلا اور کلکوٹ راستوں سے جانا پڑتا ہے جو کم از کم 50 کلومیٹر اضافی سفر ہے، جس سے مریضوں، طلباء اور تاجروں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ کے خلاف ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دس روز گزرنے کے باوجود سڑک کی فوری بحالی ممکن نہ بن سکی ہے، جس کے باعث اشیائے ضروریہ کی قلت بھی پیدا ہو گئی ہے۔دوسری جانب ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوٹرنکہ، دل میر نے تصدیق کی ہے کہ موسم میں بہتری آنے کے بعد بحالی کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ ’نقصان بہت زیادہ ہے اور کام بھاری نوعیت کا ہے۔ فی الحال عارضی بحالی کی جا رہی ہے، مشینری تعینات کر دی گئی ہے اور مستقل مرمت کے لئے قلیل مدتی ٹینڈرز بھی نکالے گئے ہیں‘‘۔انتظامیہ نے عوام کو یقین دلایا ہے کہ سڑک کی جلد از جلد بحالی کے لئے تمام تر اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ اس اہم شاہراہ پر ٹریفک بحال ہو سکے اور عوام کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔