محمد بشارت
کوٹرنکہ //ضلع راجوری کے سب ضلع کوٹرنکہ کے علاقہ جگلانوں میں بعد دوپہر ایک دل دہلا دینے والا ہٹ اینڈ رن حادثہ پیش آیا، جس میں محکمہ تعلیم کا ایک ملازم جان کی بازی ہار گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق ایک تیز رفتار سوفٹ گاڑی زیر نمبر JK11F 6720 نے سڑک پار کر رہے محمد اعظم ولد محمد دین سکنہ دراج پٹیلی کو ٹکر مار دی۔ محمد اعظم محکمہ تعلیم میں بطور ماسٹر تعینات تھے اور مقامی سطح پر نہایت نیک نام اور محنتی استاد کے طور پر جانے جاتے تھے۔حادثے کے بعد مقامی لوگوں نے فوری طور پر زخمی کو نزدیکی کمیونٹی ہیلتھ سنٹر (CHC) کنڈی کوٹرنکہ منتقل کیا، جہاں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی تاہم ڈاکٹروں نے ان کی نازک حالت کے پیش نظر انہیں گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری ریفر کر دیا۔ بدقسمتی سے وہاں پہنچتے ہی ڈاکٹروں نے محمد اعظم کو مردہ قرار دے دیا۔اس اچانک حادثے کی خبر ملتے ہی علاقے میں غم و سوگ کی فضا پھیل گئی۔ مرحوم کے ساتھی اساتذہ اور مقامی لوگوں نے اس سانحہ پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محمد اعظم کی وفات نہ صرف ان کے خاندان کے لئے ناقابلِ تلافی نقصان ہے بلکہ تعلیمی میدان کے لئے بھی ایک بڑا خلا چھوڑ گئی ہے۔ادھر پولیس نے تھانہ کنڈی میںمقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق مفرور ڈرائیور کی تلاش کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور جلد ہی ملزم کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔