محمد بشارت
کوٹرنکہ //کوٹرنکہ سب ڈویژن ہیڈ کوارٹر پر شراب خانہ کھولے جانے کیخلاف لوگوں نے یکجا ہو کر مانگ کی کہ عوام کو شراب کے بجائے دیگر بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی جانب توجہ دی جائے جبکہ ان کے بچوں کا مستقبل خرا ب کرنے کی کوششیں نہ کی جائیں ۔مکینوں نے کہا کہ گزشتہ برس شراب خانے کو قصبہ سے باہر کھولا گیا تھا لیکن امسال اس کو کوٹرنکہ بس سٹینڈ پر کھول دیا گیا ہے جہاں سے کچھ ہی دوری پر نجی تعلیم ادارے بھی قائم ہیں ۔مقامی معززین نے خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ کوٹرنکہ سب ڈویژن پر شراب خانہ قائم ہونے کی وجہ سے نوجوانوں کا مستقبل متاثر ہو سکتا ہے ۔ مفتی غلام محی الدین مصباحی نے جمعتہ المبارک کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے حکومت سے کہا کہ یہاں کے پر امن ماحول کو خراب نہ کیا جائے اور جلداز جلد شراب خانے کو بند کیاجائے ۔انہوں نے عوامی نمائندوں کو آڑے ہاتھو ں لیتے ہوئے کہاکہ عوامی فلاح وبہبود کی بات کرنے والے بھی اس معاملہ پر خاموش ہو گئے ہیں ۔انہوں نے کوٹرنکہ کے سیاسی نمائندوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ متحد ہو کر اس سلسلہ میں لڑائی کا آغاز کریں تاکہ نوجوان نسل کو بچایا جاسکے ۔الحاج چوہدری محمد شفیع نے کہاکہ حکومت کو چاہئے کہ وہ شراب کو فروغ دینے کے بجائے عوا م کو بہترین سکول ،ہسپتال و دیگر بنیادی سہولیات فراہم کرئے ۔مقامی معززین نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ جلدازجلد مذکورہ شراب خانے کو بند کیاجائے جبکہ انہوں نے انتباہ دیتے ہوئے کہاکہ اگر شراب خانے کو بند نہیں کیاگیا تو اس سلسلہ میں بڑا احتجاج شروع کیاجائے گا ۔
کوٹرنکہ میں شراب کی دکان کھولنے کیخلاف عوام سیخ پا