محمد بشارت
کوٹرنکہ// بڈھال علاقہ میں گزشتہ ہفتے ہونیوالی ہلاکتوں کے بعد انتظامیہ کی جانب سے فوری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔مشتبہ فوڈ پوازنگ کے دوران ہونے والی ہلاکتوں اور بخار سے دو سگے بھائی بہنوں کی موت کی اطلاعات کے بعد، ضلع انتظامیہ نے اس معاملے کی تحقیقات کے لئے جنگی پیمانے پر کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ تحصیلدار کوٹرنکہ ساہل علی کی قیادت میں محکمہ فوڈ، ڈرگ اینڈ کنٹرول اور پولیس افسران نے کوٹرنکہ بازار میں چیکنگ کی۔اس دوران دوکانداروں کو معیاری اشیاء فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی اور خبردار کیا گیا کہ اگر کسی بھی دوکاندار سے زائد المعیاد اشیاء برآمد ہوئیں تو ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ تحصیلدار ساہل علی نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ خریداری کرتے وقت اشیاء کی تاریخ کو ضرور چیک کریں اور گرم پانی کا استعمال کریں تاکہ کسی بھی قسم کے فوڈ پوازنگ سے بچا جا سکے۔انتظامیہ کی جانب سے مزید کہا گیا کہ من مانا کاروبار کرنے والے دوکانداروں کے خلاف چالان کاٹ کر قانونی کارروائی کی جائے گی۔