پونچھ//کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے دوران جلوس محمدی کی اجازت کو لے کر پونچھ کے مسلمانوں میں بے چینی پھیلی ہو ئی ہے۔ واضح رہے کہ عید میلاد النبی کے سلسلہ میں ضلع پونچھ میں جلوس محمدی صلی اللہ علیہ وسلم بر آمد ہوتے ہیں لیکن اس بار کوڈ19کی وجہ سے انتظامیہ کی جانب سے کسی بھی طرح کے اجتماع پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ پونچھ میں جلوس محمدی کے لئے لائحہ عمل طے کئے جانے کو لیکر ایک اجلاس منعقد کیاگیا جس میں میلاد کمیٹی اور ضلع بھر کے علمائے کرام نے شرکت کی ۔اس اجلاس کی صدارت مفتی فاروق احمد مصباحی نے کی،اس دوران کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خطرات کی وجہ سے تمام شرکاء نے جلوس محمدی بر آمد نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ تمام شرکاء نے با اتفاق رائے یہ فیصلہ بھی کیا کہ جشن عید میلاس النبی کے موقعہ پر مرکزی عید گاہ پونچھ میں ایک جلسہ محمدیؐ منعقد ہو گا جہان عاشقان رسول اللہ ﷺ نعت و منقبت کا نذرانہ پیش کریں گے اور علمائے کرام سیرت سرکار دوعالمؐ پر روشنی ڈالیں گے۔اس حوالے سے ذرائع ابلاغ کے نمائندو ں سے بات کرتے ہوئے فاروق احمد مصباحی نے تمام فرزندان توحید سے اپیل کی ہے کہ وہ محکمہ صحت کی گائیڈ لائین پر عمل کرتے ہوئے جشن عید میلاد پر منعقد ہونے والے جلسہ محمد ی میں شرکت کریں۔انھوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ مسلمان پورے سال اس دن کا انتظار کرتے ہیں تاکہ وہ جلوس برآمد کر کے نبی پاک ﷺ کا یوم میلاد منائیں چونکہ جان بچانا واجب ہے اس لئے ہمیں احتیاط پر عمل کرنا ہوگا۔انھوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ماسک پہن کر رہیں اور سماجی دوری اختار کرنے کے ساتھ ساتھ بار بار ہاتھ صابن سے اچھی طرح دھوئیں تاکہ ہم سب اس وبائی مرض سے محفوظ رہ سکیں۔