اننت ناگ +کولگام// جنوبی ضلع کولگام کے پمبئی اور گوپال پورہ نامی دو دیہات میں بدھ کی شام بیک وقت ملی ٹینٹ مخالف آپریشن کئے گئے جن کے دوران ایک کمانڈر سمیت 5جنگجوئوں کی ہلاکت ہوئی۔ آئی جی پی کشمیر وجے کمار نے کمانڈر سمیت چارجنگجوئوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ٹی آر ایف کمانڈر آفاق سکندر فورسز کو انتہائی مطلوب تھا ۔ کولگام کے پمبئی علاقے میں3 جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعدپولیس کے سپیشل آپریشن گروپ،18بٹالین سی آر پی ایف اور 9آر آر نے پمبئی کا محاصرہ کیا اور تلاشی کارروائی شروع کی گئی۔اس دوران 4بجکر 48منٹ پر محصور جنگجوئوں کی جانب سے محاصرہ سے نکلنے کیلئے فائرنگ شروع کی گئی۔اس موقعہ پر طرفین کے دوران فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا جو کافی دیر تک جاری رہا جس میں 3جنگجو مارے گئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملی ٹینٹوں کو سرنڈر کرنے کیلئے کہا گیا لیکن انہوں نے پیشکش ٹھکرادی۔تاہم پولیس کی جانب سے دیر رات گئے تک انکی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔ادھر پولیس کے مطابق انہیں پمبئی کے متصل ہی ایک اور ہمسایہ گائوں گوپال پورہ میں بھی ملی ٹینٹوں کی موجودگی کا علم ہوا جس کے بعد یہاں بھی محاصرہ کر کے آپریشن شروع کیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ پولیس کے سپیشل گروپ، 18بٹالین سی آر پی ایف اور 34آر آر نے تلاشیاں شروع کیں جس کے دوران سہ پہر5بجکر 15منٹ پر طرفین کے درمیان گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا۔طرفین کت درمیان آمنا سامنا ہونے سے قبل ملی ٹینٹوں کو ہتھیار سپرد کرنیکا موقعہ دیا گیا لیکن یہ کوشش ناکام ہوئی۔بعد میں دو لاشیں بر آمد کی گئیں جن کے بارے میں دعویٰ کیا گیا کہ یہاں بھی دو ملی ٹینٹ مارے گئے۔ آئی جی پی کشمیر نے مسلح تصادم آرائیوںکے دوران مہلوک جنگجوئوں میں ایک ٹی آ ر ایف کمانڈر ہونے کی تصدیق کی جس کی شناخت آفاق سکندر کے بطور کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ جھڑپو ں کے مقام سے تمام مہلوک جنگجوئوں کی نعشیں بر آمد کر لی گئی ہے اور ان کی شناخت کرنے کیلئے کارورائی جاری ہے ۔
پلوامہ میں 2معاونین بارود سمیت گرفتار: پولیس
سرینگر/یو این آئی/ جموں وکشمیر پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ جنوبی ضلع پلوامہ میں ناکہ چیکنگ کے دوران جنگجووں کے دو اعانت کاروں کو حراست میں لے کر اُن کے قبضے سے دو آئی ای ڈیز برآمد کی گئیں۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ 55 آرآر، 182 بٹالین سی آر پی ایف اور ایس او جی نے سرکیولر روڑ پلوامہ کے نزدیک ناکہ چیکنگ کے دوران دو افراد عامر بشیر ولد بشیر احمد ڈار ساکن سرنو پلوامہ اور مختار احمد ولد عبدالجبار بٹ ساکن ماتری بگ کو روک کر اُن کی جامہ تلاشی لی جس دوران اُن کے قبضے سے د و آئی ای ڈیز برآمد ہوئیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس ٹیم نے دونوں کو حراست میں لے کر اس ضمن میں ایف آئی آر زیر نمبر 315/2021 کے تحت پولیس اسٹیشن پلوامہ میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے ۔