کولگام // جنوبی قصبہ کولگام کے تاریگام گائوں میں جنگجو مخالف آپریشن کے دوران پر تشدد جھڑپیں ہوئیں، جس کے دوران پتھرائو پر آمادہ مظا ہرین کو منتشر کرنے کیلئے شلنگ، پیلٹ اور ہوائی فائر نگ کی گئی جس کے نتیجے میںکئی افراد زخمی ہوئے جن میں 2کو پیلٹ سے شدید چوٹیں آئیں۔شدید تصادم آرائی میں3 بجلی ٹرانسفارمروں کو گولیاں لگنے سے شدید نقصان پہنچا جبکہ ایک موٹر سائیکل کو نذرآ تش کیا گیا۔فسٹ آر آر، پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ اور سی آر پی ایف نے مشترکہ طور پر سوموار کی صبح دس بجے تاری گام کولگام نا می گائوں میں مقدم محلہ اور پرائمری ہیلتھ سینٹر محلہ کو کڑے محاصرے میں لیا اور تلاشی آپریشن شروع کیا۔ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ یہاں ممکنہ طور پر جنگجو موجود ہیں۔فورسز کی کارروائی شروع ہوتے ہی پورے علاقہ میں افراتفری پھیل گئی اورٹولیوں کی شکل میں نوجوان سڑکوں پر نکل آئے اور انہوں نے احتجاجی مظاہرے شروع کئے۔نوجوان تشدد پر اتر آئے اور انہوں نے فوج اور پولیس کی گاڑیوں کو نشانہ بنایا۔شدید سنگباری کررہے نوجوانوں کو منتشر کرنے کیلئے ہوائی فائرنگ کی گئی اور اس کے بعد کئی مقامات پر شلنگ کی گئی اور پیلٹ کا استعمال کیا گیا۔دن کے 2بجے تک یہی صورتحال جاری رہی جس کے دوران جھرپوں میں کئی افراد مضروب ہوئے۔جن میں دو پیلٹ لگنے سے زخمی ہوئے جن میں سے ایک کو اننت ناگ اسپتال منتقل کردیا گیا۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ فورسز نے ہوائی فائرنگ کے دوران بجلی ٹرانسفارمروں کو بھی گولیوں کا نشانہ بنایا، جن کی وجہ سے انہیں شدید نقصان پہنچا، علاوہ ازیں گائوں میں نائی کا کام کرنے والے اعجاز احمد حجام ساکن کھانڈے پورہ کے ایک موٹر سائیکل کو بھی نذر آتش کیا گیا، اسکے علاوہ منظور احمد بٹ ولدغلام حسن کا گھاس کا انبار بھی نذر آتش کیاگیا۔ادھر ڈھلوچھ ڈورو کا 9آر آرنے محاصرہ کیا اور گھر گھر تلاشی کارروائی کی گئی، بعد میں محاصرہ ختم کیا گیا۔
شوپیان کیمپ میں آگ،2میجر جھلس کر زخمی
شاہد ٹاک
شوپیان// ضلع شوپیان میں قائم ایک فوجی کیمپ میں پر اسرار طور پرآگ نمودار ہوئی،جس کے دوران2فوجی افسران جھلس گئے،جنہیں سرینگر منتقل کردیا گیا۔شوپیان سے کئی کلو میٹر دورکاٹھو ہالن میں قائم44آر آر کے کیمپ میں سوموار کی صبح اچانک آگ نمودار ہوئی جس کے نتیجے میں عمارت کو نقصان پہنچا اور یہاں2فوجی میجر اے کے پانڈے اور میجر انیل کنڈپال جھلس کر بری طرح زخمی ہوگئے۔ دونوں افسران کوابتدائی علاج معالجہ مقامی کیمپ میں ہی کیا گیا۔جس کے بعد دونوں کو سرینگر بادامی باغ فوجی کیمپ میں منتقل کیا گیا۔جہاں اْن کا علاج جاری ہے۔ابتدائی تحقیقات سے آگ لگنے کی وجہ بجلی کا شارٹ سرکٹ بتایا جارہا ہے۔