کولگام// کولگام ضلع میں کھلی دھوپ کے دوران تباہ کن ژالہ باری سے کھڑی فصلوں کو شدید نقصان پہنچاہے جس کے نتیجے میں ضلع میں میوہ باغات اور سبزیوںکو زبردست نقصان پہنچا ہے ۔ کولگام میںسہ پہر چار بجے کے قریب قہر انگیز آندھی اور شدیدژالہ باری نے تباہی مچائی ، جس کے نتیجے میںقریب ایک درجن دیہات بری طرح متاثر ہوئے۔ژالہ باری تقریباً 15منٹ تک جاری رہی جس کے نتیجے میںنیلو،ویس بٹہ پورہ،آوہٹو،محمد پورہ،بٹہ پورہ،نائو پورہ،ہٹگن پورہ،درد کوٹ اور چک کے علاوہ کھوژہالن ،گلوان پورہ ،کھوری بٹہ پورہ ،سنگورہ،باغ بل،جایہ بل ، وٹی گام ، گاندونی،بٹھی پورہ ،نہامہ ، گوپال پورہ،ہارویٹھ ،پمبی وغیرہ میںسیب کے باغات کو زبردست نقصان پہنچا ۔ژالہ باری اس قدر تیز تھی کہ زمین پر ایک انچ اولے گرے۔تباہی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ سیب کے درختوں کی ٹہنیاں زمین پر گر پڑیں جس کو دیکھ کر علاقے میں ماتم کی لہر دوڑ گئی ۔تیز ہوائوں، طوفانی آندھی ،ژالہ باری اور شدید بارشوں کے نتیجے میںدرخت جڑوں سے اکھڑگئے اور میوہ باغات سمیت درختوں پر موجود شگوفے بھی تباہ ہوگئے۔تیز ہوائوں کے بعد لوگ بارشوں کے انتظار میں تھے تو اچانک آسمان سے اولے برسنے لگے اور زمین پر موٹی تہہ بچھ گئی ۔ لوگوںنے علاقہ میں جلد ازجلد امدادی ٹیمیںروانہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔