عارف بلوچ
اننت ناگ// اکہال کولگام میں انسداد ملی ٹینسی آپریشن جمعرات کو ساتویں دن میں داخل ہو گیا جو اس سال اب تک کا سب سے طویل ہے ۔سیکورٹی فورسز نے گھنے جنگلاتی علاقے میں چھپے ہوئے ملی ٹینٹوںکے خلاف آپریشن جاری رکھا ہوا ہے۔ حکام نے بتایاکہ فوج کے شمالی کمان کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل پراتیک شرما نے جنوبی کشمیر میں سیکورٹی صورتحال اور انسداد ملی ٹینسی گرڈ کا جائزہ لیا، جہاں انہیں جاری آپریشن کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔حکام نے کہا”آپریشن ساتویں دن میں داخل ہو گیا ہے اور جاری ہے” ۔ان کا کہنا تھا کہ جمعرات کی صبح بھی وقفے وقفے سے فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔حکام نے بتایا کہ فوج کی 9آر آر، پولیس اور سی آر پی ایف18بٹا لین کی مشترکہ کارروائی کے دوران سیکورٹی فورسز جنگل کے علاقے میں دشوار گزار علاقے میں ملی ٹینٹوں کا پتہ لگانے کے لیے ڈرون اور ہیلی کاپٹروں سمیت تمام ذرائع استعمال کر رہی ہیں۔اکہال جنگلاتی علاقے میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی کے بارے میں مخصوص انٹیلی جنس اطلاعات کے بعد سیکورٹی فورسز نے گھیرا اور تلاشی کی کارروائی شروع کی۔ گزشتہ جمعہ شروع ہونے والے انکائونٹر میں ایک ملی ٹینٹ کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔جمعرات کو مزید 3اہلکار زخمی ہوئے اس طرح ابتک 9اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔یہ وادی کشمیر میں اس سال اب تک کا سب سے طویل آپریشن ہے۔لیفٹیننٹ جنرل شرما نے خطے میں امن اور سلامتی کو یقینی بنانے میں ہندوستانی فوج کے پختہ عزم کو فعال کرنے کے لئے ان کی ثابت قدمی اور لچک کے لئے تمام رینک کی تعریف کی۔
۔7دنوں سے سوئے نہیں
کولگام میں جاری انسداد ملی ٹینسی آپریشن کے درمیان، جو جمعرات کو اپنے ساتویں دن میں داخل ہو گیا، اکہال گائوں کے مقامی لوگوں نے سخت مشکلات کا حوالہ دیتے ہوئے علاقے سے اپنی نقل مکانی کا مطالبہ کیا ہے۔ رہائشیوں نے دعویٰ کیا کہ وہ مسلسل فائرنگ کی وجہ سے سو نہیں پا رہے ہیں اور اب ان کے پاس کھانا بھی ختم ہو رہا ہے۔تصادم کی جگہ کے قریب رہنے والے ایک دیہاتی، مبارک کھانڈے نے کہا، “ہمیں گزشتہ سات دنوں سے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ رات کے وقت فائرنگ اور بم دھماکے ہوتے رہتے ہیں۔ اب ہمارے گھروں میں راشن کی قلت ہے۔”اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ علاقے میں خواتین اور بچے خوفزدہ ہیں، کھانڈے نے دعویٰ کیا کہ مسلسل فائرنگ اور دھماکوں کی وجہ سے ان میں ‘نفسیاتی مسائل’ پیدا ہو گئے ہیں۔حکومت سے ان کی نقل مکانی کے انتظامات کرنے کی اپیل کرتے ہوئے، کھانڈے نے کہا، “ہم سات دنوں سے نہیں سوئے ہیں۔ بچے جاگ رہے ہیں، اور رو رہے ہیں۔ دوائیوں اور راشن کی قلت ہے۔”انہوں نے مزید بتایا کہ علاقے میں رہنے والی خانہ بدوش آبادی کے پاس بھی اناج ختم ہو چکا ہے۔ کھانڈے نے کہا، گجر لوگوں نے ہمیں بلایاان کے پاس راشن نہیں ہے۔تاہم، مقامی لوگ گائوں کی دیکھ بھال کرنے پر نمبردار اور چوکیدار کے شکر گزار تھے۔ کھانڈے نے بتایا، نمبردار اپنے گھر سے لوگوں کو راشن دے رہا ہے، لیکن اب اسے بھی قلت کا سامنا ہے۔ شیخ محبوب نے حکومت پر زور دیا کہ وہ راشن کی کمی کو دور کرے اور گائوں میں پینے کا پانی مہیا کرے۔محبوب نے کہا، “ہمیں پانی اور ادویات کی قلت کا سامنا ہے، ہماری درخواست ہے کہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ ہمارے لیے پانی کا بندوبست کرے۔ سیکورٹی فورسز اپنا کام کر رہی ہیں، جاری فائرنگ سے بزرگوں اور بچوں کے لیے مشکلات پیدا ہو رہی ہیں،” انہوں نے مقامی لوگوں کے لیے ایمبولینس کا انتظام کرنے پر ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی کا شکریہ ادا کیا۔ایک اور مقامی شیرازہ اختر نے کولگام کے ڈپٹی کمشنر سے گائوں والوں کی مدد کرنے کی اپیل کی۔اختر نے کہا، “ہم ڈپٹی کمشنر سے اپیل کرتے ہیں،ہم غریب ہیں اور قلت کا سامنا ہے، براہ کرم ہماری مدد کریں کیونکہ ہمیں بہت سے مسائل کا سامنا ہے۔ بہت سے لوگ چلے گئے ہیں اور کچھ گھر خالی ہیں، براہ کرم ہمیں یہاں سے منتقل کریں،” ۔