سرینگر // جموں و کشمیر میںکورونا وائرس کے کیسوں میں دوبارہ اچھال نظر آرہا ہے۔ طبی ماہرین کے اندازوں کے عین مطابق دوسری لہر شروع ہوگئی ہے اور جموں کشمیر میں 7ہفتوں کے بعد 100سے زائد کیس درج کئے گئے ہیں۔7جنوری کو 127معاملات مثبت آئے تھے جس کے بعد کورونا کی لہر اور نیچے آتی گئی اور 8جنوری سے اس میں بتدریج کمی آتی گئی۔لیکن پچھلے ڈیڑھ ہفتے سے وائرس میں مبتلا مریضوں کی تعداد بڑھتی جارہی ہے اور اب جمعرات کو محکمہ صحت کے اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ 24گھنٹوں میں 26789ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 108افراد کی رپورٹیں مثبت آئیں تاہم اس دوران کوئی بھی شخص فوت نہیں ہوا ۔مثبت قرار دئے گئے 108افراد میں سے 77کا تعلق کشمیر سے ہے جن میں 26افراد مختلف ریاستوں اور ممالک کا سفر کرکے لوٹے ہیں جبکہ 51مقامی سطح پر متاثر ہوئے ہیں۔ 15فروری سے لیکر 25فروری تک 860افراد کی رپورٹیں مثبت آئیں جن میں سے 673کشمیر سے تعلق رکھتے ہیں ۔کشمیر سے تعلق رکھنے والے 673افراد میں سے 399مقامی سطح پر متاثر ہوئے ہیں جبکہ 274بیرون ریاستوں اورممالک سے واپس لوٹے ہیں۔ کشمیر میں متاثرین کی تعداد 74259ہوگئی ہے جبکہ یہاں ابتک 1230افراد وائرس سے فوت ہوئے ہیں۔ متوفین کی مجموعی تعداد 1955ہوگئی ہے۔