نئی دہلی// عالمی وبا کورونا وائرس کا انفیکشن مسلسل بڑھتا ہی جا رہا ہے اور جس طرح نئے کیس سامنے آتے جا رہے ہیں اس سے خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ متاثرین کی تعداد جلد ہی 40 لاکھ کا ہندسہ پار کر جائے گی۔ دنیا بھر کے 187 ممالک اور علاقوں میں اب تک 39،28،531 افراد اس بیماری سے متاثر ہوئے ہیں اور 2،73،957 افراد کی جانیں تلف ہو چکی ہیں۔
ہندوستان میں بھی کورونا وائرس کا انفیکشن تیزی سے پھیل رہا ہے اور متاثرین کی تعداد 60 ہزار کے قریب پہنچ چکی ہے۔ اس وبا کے 50 ہزار سے زائد کیسز والے دنیا بھر کے ممالک میں ہندوستان 14 ویں مقام پر ہے۔ مرکزی وزارتِ برائے صحت اور خاندانی بہبود کی جانب سے ہفتے کی صبح جاری تازہ اعداد و شمار کے مطابق ملک کی 32 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں اس وبا سے اب تک 59،662 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 1981 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ملک میں اب تک 17،847 افراد اس وبا سے صحت یا ب بھی ہو چکے ہیں۔
امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سائنس اور انجینئرنگ سینٹر (س? ایس ایس ای ) کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس سے دنیا میں سب سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں اور یہاں سب سے زیادہ 12 لاکھ سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں۔ اب تک موصول اعداد و شمار کے مطابق دنیا کے تین ممالک میں دو دو لاکھ اور چھ ممالک میں متاثرین کی تعداد ایک ایک لاکھ سے زائد ہو چکی ہے جبکہ ہندوستان سمیت پانچ ممالک میں یہ تعداد 50 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔