سرینگر//ملک میں جمعہ کے روز کورونا وائرس متاثرین کی تعداد3936747تک پہنچ گئی جب گذشتہ24گھنٹوں کے دوران مزید83341متاثرین کا اضافہ ہوگیا۔یہ لگاتار دوسرا دن ہے جب کورونا متاثرین میں80ہزار سے زیادہ کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا اس طرح کورونا بحران کی سنگینی مسلسل بڑھ رہی ہے۔
مرکزی وزارت صحت کے مطابق گذشتہ24گھنٹوں کے دوران ہی1096افراد کورونا کی وجہ سے جاں بحق ہوگئے جس سے مہلوکین کی تعداد 68442تک پہنچ گئی ہے۔
ادھر ملک میں عالمی وبا کوڈ 19 کے قہر سے بچنے کیلئے کے لئے 3 ستمبر کو لگاتار دوسرے دن 11 لاکھ سے زائد کورونا نمونوں کا ٹیسٹ کیا گیا۔
انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 3 ستمبر کو 11 لاکھ 69 ہزار 765 کورونا نمونوں کی جانچ کی گئی۔ ملک میں اب تک چار کروڑ 66 لاکھ 79 ہزار 145 کورونا نمونوں کا ٹیسٹ کیا گیا ہے۔
ملک میں پہلی بار2 ستمبر کو 11 لاکھ سے زیادہ کورونا نمونوں کا ٹیسٹ کیا گیا۔ بدھ کے روز 11 لاکھ 72 ہزار 179 نمونوں کی ریکارڈ جانچ کی گئی ، جو دنیا میں ایک دن میں سب سے زیادہ جانچ کا ریکارڈ ہے۔
خیال رہے ملک میں کورونا کے بڑھتے اثرات کے پیش نظراس کی روک تھام کے لئے جانچ ، علاج اور رابطے کا پتہ لگانے پر مستقل زور دیا جارہا ہے۔
یکم ستمبر کو 10 لاکھ 12 ہزار 367 نمونوں کی جانچ کی گئی۔ پندرہ دن کے اندر یہ چوتھا موقع ہے جب ایک دن میں کورونا وائرس کے دس لاکھ سے زیادہ نمونوں کی جانچ کی گئی۔
اس سے قبل 29 اگست کو ملک میں ریکارڈ 10 لاکھ 55 ہزار 27 نمونوں کا ٹسٹ کیا گیا تھا اور 21 اگست کو 10 لاکھ 23 ہزار 836 کورونا ٹسٹ کئے گئے تھے اور تب ہندوستان کورونا وائرس کا ایک دن میں 10 لاکھ سے زیادہ ٹسٹ کرنے والا دنیا کا تیسرا ملک بن گیا تھا۔(مشمولات یواین آئی)