پچھلے دو برس میں ’این پی اے‘0.06فیصد تک لانے میں کامیابی حاصل:امیت شاہ
یو این آئی
نئی دہلی//امور داخلہ اور امداد باہمی کے مرکزی وزیر امت شاہ نے پیر کے روز کہا کہ گزشتہ 34برسوں میں ملک کا شہری کوآپریٹو بینک سیکٹر اور کوآپریٹو کریڈٹ سوسائٹی سیکٹر نئی توانائی اور نئے جوش و خروش کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔ شاہ نے یہاں شہری کوآپریٹو قرضہ جاتی شعبے کی بین الاقوامی کانفرنس ’ میں کہا کہ اربن کوآپریٹو بینک اور کریڈٹ سوسائٹیز کا کوآپریٹو کبھ کا انعقاد بین الاقوامی کو آپریٹیو سال کے موقع پر ہو رہا ہے۔ گزشتہ 34 برس میں ملک کا اربن کوآپریٹو بینکنگ شعبہ اور کوآپریٹو کریڈٹ سوسائٹیز کا شعبہ نئی توانائی اور نئے جوش و خروش کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔ کوآپ کبھ 2025 کے دوران پالیسی، ٹیکنالوجی اور اختراع کے موضوعات پر اس شعبے سے جڑے بے شمار امکانات پر غور و خوض کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کوآپ کبھ 2025 کے ذریعے اربن کوآپریٹو بینکوں کے توسیع کا خواب بہت جلد پورا ہوگا۔ آج یہاں سہکار ڈجیپے اور سہکار ڈجیلون کو امبریلا تنظیم کی جانب سے لانچ کیا گیا ہے۔مرکزی وزیر نے کہا کہ کو آپریٹیو کی وزارت کے قیام کے بعد سے مودی حکومت نے کوآپریٹو سے جڑے ہر شعبے میں بنیادی تبدیلی لانے کے لیے کئی اہم پالیسی فیصلے کیے ہیں۔ ساتھ ہی، کوآپریٹو شعبہ کو جدید بنانے، اس کی مشکلات کے حل اور اس کی رسائی بڑھانے کے لیے بھی متعدد اقدامات کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا’’اربن کوآپریٹو بینکوں کو چاہئے کہ وہ کثیر شعبہ جاتی نقطہ نظر کے ساتھ نوجوان کاروباریوں، خود امدادی گروپوں اور کمزور طبقے کے لوگوں کے بااختیار بنانے کے لیے اپنا بنیادی کام کریں۔ ہمارا ہدف کوآپریٹو کو مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ کمزور طبقے کو مضبوط کرنا بھی ہے اور یہ کام اربن کوآپریٹو بینکوں کے سوا کوئی اور ادارہ نہیں کر سکتا۔ اربن کوآپریٹو بینک کے ذریعے کمزور فرد کا بااختیار بنانا بھی ہمارا مقصد ہونا چاہیے‘‘۔امداد باہمی کے مرکزی وزیرِ نے کہا”ہم نے پچھلے دو برس میں نان پرفارمنگ ایسیٹس(این پی اے)کو 2.8فیصد سے گھٹا کر 0.06 فیصد تک لانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ ہر شہر میں ایک اربن کوآپریٹو بینک قائم کرنا تبھی ممکن ہے جب ہم کوآپریٹو سوسائٹیوں کو بینک میں تبدیل کرنے کی کوشش کریں‘‘۔انہوں نے کہا کہ مجموعی گھریلو پیداوار کے اعداد و شمار ہماری ترقی کے مکمل عکاس نہیں ہوسکتے۔ اس کے ساتھ یہ کوشش بھی ضروری ہے کہ ہر شخص کو روزگار ملے، اس کا معیارِ زندگی بڑھے اور یہ سب کوآپریٹو کے بغیر ممکن نہیں۔ شاہ نے کہا کہ کوآپریٹو کے تصور اور اس کی اہمیت کو حکومتِ ہند اور تمام ریاستی حکومتیں پوری طرح سمجھتی ہیں اور اب ضرورت اس بات کی ہے کہ نئے اعتماد، نئی محنت، شفافیت اور نتیجہ خیز انداز میں کام کیا جائے۔