گاندربل+بانڈی پورہ//حالیہ برفباری سے کنگن کے ملحقہ علاقوں میں تین دن سے بجلی کی عدم فراہمی کی ابتر صورتحال پر لوگوں میں شدید غم و غصہ اور ناراضگی پائی جارہی ہے۔کنگن کے کئی علاقوں میں چند انچ برفباری سے بجلی نایاب ہے اوروسیع آبادی کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑھ رہا ہے۔کنگن سے ملحقہ علاقہ ناران ناگ،وانی یارم،وانگت،رام واری اورگنڈسمیت دیگر علاقوں میں حالیہ برفباری سے بجلی کی ترسیلی لائینوں کو شدید نقصان پہنچا اور کئی جگہوں پر بجلی کے کھمبے بھی گرچکے ہیں جس سے ہزاروں افراد پر مشتمل آبادی لگاتار تین روز سے مکمل طور پر گھپ اندھیرے میں ہیں۔رام واری گنڈ میں بجلی کی ترسیلی لائینوں کی مرمت بھی نہیں کی جارہی ہے۔اس بارے میں محکمہ بجلی کے اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئر نثار احمد نے کہا کہ رام واری اور گنڈ میں مرمت کا کام چل رہا ہے اور جمعرات تک بجلی سپلائی فراہم ہو گی۔ ادھر بانڈی پورہ کے کئی علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچو لی سے لوگ پریشان ہیں ۔ بانڈی پورہ کے وٹپورہ،پوتو شاہی،الوسہ،مقام،ون گام منز پورہ،کیو نسوسمیت کئی دیہات میں بجلی کی آنکھ مچو لی سے لوگ پریشان ہیں اور انہیں کئی کئی گھنٹے بجلی کٹوتی کا سامنا رہتا ہے۔مقامی لوگوں نے حکام سے اپیل کی کہ انہیںمعقول بجلی فراہم کی جائے اور اگر ایسا نہیں کیا گیا تو وہ سڑکوں پر نکل کر احتجاج کرنے کیلئے مجبور ہوجائیں گے جس کی تما تر ذمہ داری انتظا میہ پر عائد ہوگی۔