محمد بشارت
کوٹرنکہ //راجوری ضلع کے سب ڈیژون بدھل میں محکمہ پی ایم جی ایس وائی کی سڑکیں جہاں عوام کے لئے درد سر بنی ہیں وہیں کنڈی سے جمولہ جانے والی سڑک پر گزشتہ روز تار کول بچھائی گئی تاہم مقامی لوگوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ سڑکوں پر تارکول بچھانے کے نام پر پیسے ہڑپنے کی کوششیں کی جارہی ہیں کیونکہ مذکورہ رابطہ سڑک پر بچھائی گئی تار کول کچھ دنوں کے بعد ہی اکھڑنا شروع ہو گئی۔انہوں نے کہاکہ اس سے قبل رابطہ سڑکوں پر پڑے ہوئے کھڈے مسافروں و ڈرائیوروں کیلئے مصیبت کا باعث بنے ہوئے تھے لیکن تار کول بچھائے جانے سے عام لوگ خوشی محسوس کررہے تھے تاہم بعد میں مذکورہ کام انتہائی غیر معیاری ثابت ہو ا ۔انہوں نے کہاکہ بد قسمتی سے سڑک پر بچھائی گئی تار کول صرف ایک دن ہی سڑک پر رک سکی اور صرف تار کول نمایش کے طور بچھائی گئی۔کوٹرنکہ بدھل میں جہاں سردیوں میںدرجہ حرات صفر ڈگری سلیس گریڈرہتا ہے ،مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اس علاقہ میں بہنے والا پانی برف کی شکل اختیار کر لیتا ہے اور محکمہ نے اس موسم میں تار کول بچھائی ہے جس میں موسم شدید سرد ہونا شروع ہو جاتا ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ صرف سرکاری خزانے کو لوٹنے کی کوششیں کی جارہی ہیں ۔اس سلسلہ میں جب ایگزکیٹو انجینئربدھل امتیاز میر سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ 4 کلو میٹر سڑک پر بلیک ٹاپنگ کرنی تھی تا ہم 500 میٹر پر کی گئی جس کا نتیجہ اچھا نہیں آیا اور اب اپریل مہینے بلیک ٹاپنگ کی جائے گی ۔