محمد بشارت
کوٹرنکہ //کوٹرنکہ سب ڈسٹرکٹ کی پنچایت حلقہ کنڈی لوہرکی وارڈ نمبر 4 کے مکینوں نے محکمہ بجلی کے اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر اور جونیر انجینئرکے خلاف احتجاج کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ محکمہ جان بوجھ کر ان کے علاقے میں نصب ٹرانسفارمر سے دوسرے گاؤں کو بجلی فراہم کر رہا ہے، جبکہ ان کی اپنی بجلی گزشتہ دس دنوں سے بند ہے۔
مقامی لوگوں نے الزام لگایا کہ محکمہ بجلی کا عملہ جان بوجھ کر ان کے علاقے کی نظراندازی کر رہا ہے اور دیگر علاقوں کو ترجیح دے رہا ہے۔ محمد ایوب، جو کہ ایک بزرگ شہری ہیں، نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ’’محکمہ بجلی کے اہلکار ہمارے ساتھ ظلم و زیادتی کر رہے ہیں اور ہماری مشکلات کو نظرانداز کر رہے ہیں‘‘۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے علاقے میں ٹرانسفارمر کی خراب حالت اور بجلی کی فراہمی میں مسلسل تعطل کی وجہ سے لوگ شدید مشکلات کا شکار ہیں۔مقامی لوگوں نے مزید بتایا کہ انہوں نے متعدد بار محکمہ بجلی کے افسران سے رابطہ کیا ہے، لیکن ان کی شکایات پر کوئی بھی کارروائی نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہاکہ ’’ہمیں بتایا گیا تھا کہ ہمارے علاقے کا ٹرانسفارمر درست کر دیا جائے گا، مگر ابھی تک اس پر کوئی عمل نہیں ہوا اور نہ ہی ہماری بجلی بحال کی گئی ہے‘‘۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ مقامی انتظامیہ بھی ان کی شکایات پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے اور ان کے مسائل کو حل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں لے رہی۔ مقامی لوگوں نے اس صورتحال کے بارے میں ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے پر زور مطالبہ کیا کہ جلد از جلد ان کے علاقے کی بجلی بحال کی جائے اور محکمہ بجلی کے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔