سمت بھارگو
راجوری //راجوری کے کنڈی علاقے میں فوج کی تلاشی پارٹی پر گھات لگا کر کئے گئے حملے میںایلیٹ اسپیشل فورسز کے 5 فوجی جوانوں نے اپنی جانیں گنوائیں جب کہ ایک میجر رینک کا افسر زخمی ہوا ۔جس جگہ تصادم ہوا وہ راجوری ضلع کے کنڈی کا کیسری ہل علاقہ ہے۔فوج کی بھاری تعداد نے3روز قبل تقریباً10 مربع کلومیٹر کے گھنے جنگلات کے پہاڑی علاقے کو گھیرے میں لے تھا۔سرکاری ذرائع کے مطابق کیسری ہل کے علاقے میں مشتبہ نقل و حرکت سے متعلق کچھ مخصوص معلومات پر جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات کو ایک مخصوص جگہ کو گھیرے میں لیا گیا۔یہ علاقہ راجوری ضلع کے کنڈی پولیس اسٹیشن کے تحت آتا ہے اور کنڈی – کھڈیون گائوں کی سڑک کے قریب آتا ہے جو راجوری بدھل روڈ سے جڑتی ہے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہجمعرات کی شب علاقے میں محاصرہ اور تلاشی آپریشن شروع کیا گیا تھا اور ٹیمیں مزید آگے بڑھ رہی تھیں جب ملی ٹینٹوں اور فورسز کے درمیان رابطہ قائم ہوا اور شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔یہ بھی سامنے آیا ہے کہ ملی ٹینٹوںنے کیسری ہل میں ایک آبی ذخائر کے قریب فوج کی تلاشی ٹیم پر حملہ کیا جس میں 6 فوجی اہلکار زخمی ہوئے جبکہ ملی ٹینٹ فائرنگ کی جگہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
زخمیوں کو فوجی مرکز منتقل کیا گیا جہاں ان میں سے دو دم توڑ گئے جبکہ چار دیگر زیر علاج تھے تاہم تین اہلکار بعد میں دم توڑ گئے۔”سرکاری طور پر بتایا گیا کہ بھارتی فوج کی ایلیٹ اسپیشل فورس کے پانچ فوجی اہلکار ہلاک جب کہ ایک میجر رینک کا افسر زخمی ہوا ہے۔سرکاری ذرائع نے مزید بتایا کہ زخمی فوجی اہلکار آرمی کے کمانڈ اسپتال میں زیر علاج ہے جبکہ پانچ فوجیوں کی لاشیں راجوری کے فوجی اسپتال لے جائی گئیں ۔فوج نے جموں میں قائم دفاعی ترجمان کے ذریعے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ اس کے پانچ اہلکار مارے گئے۔فوج نے بیان میں کہا”بھارتی فوج جموں کے علاقے بھٹہ دھوریاں کے علاقے طوطا گلی میں ایک فوجی ٹرک پر گھات لگا کر حملے میں ملوث ملی ٹینٹوں کے ایک گروپ کو ختم کرنے کے لیے انٹیلی جنس پر مبنی کارروائیاں کر رہے ہیں۔” بیان کے مطابقراجوری سیکٹر کے کنڈی جنگل میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی کے بارے میں مخصوص اطلاع پر، 3 مئی کو ایک مشترکہ آپریشن شروع کیا گیا اور جمعہ کی صبح تقریبا ً7:30 بجے، ایک تلاشی ٹیم نے ملی ٹینٹوںکے ایک گروپ سے رابطہ قائم کیا جو ایک غار میں گھسے ہوئے تھے۔فوج نے مزید کہا کہ یہ علاقہ پتھریلی اور کھڑی چٹانوں کے ساتھ گھنے جنگلات پر مشتمل ہے۔ ملی ٹینٹوںنے جوابی کارروائی میں دھماکا خیز مواد سے حملہ کیا اور آرمی ٹیم کو ابتدائی حالت میں دو جانی نقصان پہنچا جبکہ تین اہلکار دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے اور ایک افسر زیر علاج ہے۔فوج نے مزید بتایا کہ آس پاس سے اضافی ٹیموں کو تصادم کے مقام پر بھیج دیا گیا جبکہ زخمی اہلکاروں کو کمانڈ اسپتال ادھم پور منتقل کیا گیا ۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق ملی ٹینٹوں کا ایک گروپ علاقے میں پھنسا ہوا ہے اور ملی ٹینٹوں کے گروپ میں ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔ فوج نے مزید کہا کہ آپریشن جاری ہے۔دریں اثنا، کیسری ہل اور ڈھوک کے ارد گرد دس مربع کلومیٹر کے علاقے کو فوج، پولیس اور سی آر پی ایف کی مشترکہ ٹیموں کے ساتھ فورسز نے گھیرے میں لے لیا ہے اور گھنے جنگلوں میں تلاشی جاری ہے۔ادھر فوج کی جانب سے مارے گئے اہلکاروں کی شناخت لانس نائیک روچن سنگھ راوت ولد راجندر سنگھ ساکن کونی گڑھ اترا کھنڈ، پیرا ٹروپر سدھانت چھتری ولد کھرکا بہادر ساکن دارجلنگ مغربی بنگال، نائیک اروند کمار ولد اجول سنگھ ساکن کانگڑا ہما چل،حوالدار نیلم سنگھ ولد گردیو سنگھ ساکن دلپت جوریاں اکھنور جموں اور پیرا ٹروپر پرمود نیگی ولد دیوندر نیگی ساکن شیلائی ہماچل شامل ہیں۔
ریاسی میں ملی ٹینٹ کا رہائشی مکان مسمار
جموں// ریاسی ضلع کے مہور تحصیل میں آئی ای ڈی دھماکوں میں ملوث مقامی ملی ٹینٹ کے رہائشی مکان کو مسمار کیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ ریاسی نے گلاب گڑھ میں گرفتار ملی ٹینٹ کے رہائشی مکان پر بلڈوزر چلایا۔ مذکورہ ملی ٹینٹ نے سرکاری اراضی پر مکان تعمیر کیا تھا اور قوانین کے مطابق اس کے مکان کو مسمار کیا گیا۔معلوم ہوا ہے کہ محمد عروف شیخ کو پہلے ہی پولیس نے کٹرہ اور نروال میں ہوئے دھماکوں کے سلسلے میں گرفتار کیا ہے۔محمد عروف کی گرفتاری کے بعد اس کو نوکری سے برطرف بھی کیا گیا۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ محمد عروف نے کٹرہ میں سٹکی بم کے ذریعے ایک گاڑی کو نشانہ بنایا جبکہ نروال دھماکوں میں بھی اس کا ہاتھ ہے۔
عمر ،محبوبہ،آزاد، بخاری ،سجاد اور سوز کااظہار افسوس
نیوز ڈیسک
سرینگر //جموں و کشمیر کے سیاستدانوں نے ہلاک شدہ فوجیوں کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار تعزیت کیا۔ عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی، الطاف بخاری اور سجاد لون نے پانچ فوجیوں کی ہلاکت پر دکھ کا اظہار کیا۔عمر نے ایک ٹویٹ میں کہا”افسوسناک خبر راجوری سے، جہاں 5 فوجی جوانوں نے ڈیوٹی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، دہشت گردی ایک لعنت ہے جس نے جموں و کشمیر میں کئی دہائیوں کے دوران بے شمار زندگیوں کو نقصان پہنچایا ہے اور غیر محفوظ مذمت کا مستحق ہے‘‘۔ عمر عبداللہ نے ٹویٹر پر لکھا میں ان کے اہل خانہ کے ساتھ دلی تعزیت کرتا ہوں جن کو ہم نے آج کھو دیا ہے۔محبوبہ مفتی نے ٹویٹر پر لکھا، “خوفناک خبر آرہی ہے، ڈیوٹی کے دوران مرنے والوں کے اہل خانہ سے میری گہری تعزیت ہے۔” الطاف بخاری نے ٹویٹ کیا’’راجوری سے المناک خبر سے گہرا دکھ ہوا، میرے خیالات ان بہادر فوجیوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں، جنہوں نے جاری تصادم میں اپنی جانیں گنوائیں، ملکی سلامتی کے لیے ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا‘‘۔سجاد لون نے کہا، “ہم راجوری میں دہشت گردی کی کارروائی کی پرزور مذمت کرتے ہیں، یہ جاری تشدد کی بیہودہ حرکتیں ہیں‘‘۔غلام نبی آزار اور سیف الدین سوز نے بھی فوجی ہلاکتوں کی مذمت کرتے ہوئے اہل خانہ کیساتھ تعزیت کی ہے۔
اعلیٰ پولیس اور فوجی قیادت کا انکائونٹرکی جگہ کا دورہ
سمت بھارگو
راجوری //پولیس کے ڈائریکٹر جنرل دلباغ سنگھ، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل جموں زون مکیش سنگھ سمیت سینئر سیکورٹی افسران، فوج اور سی آر پی ایف کے سینئر افسران نے کیسری ہل انکانٹر کی جگہ کا دورہ کیا اور آپریشنل صورتحال کا جائزہ لیا۔جائے وقوعہ پر پہنچنے کے دوران افسران نے سیکورٹی فورسز کی ٹیموں سے ملاقات کی جنہوں نے مشتبہ نقل و حرکت کے کچھ انپٹس کے بعد جمعرات کی شام کارڈن اور سرچ آپریشن کیا تھا۔دلباغ سنگھ نے کہا کہ فوجیوں نے دہشت گردوں سے سخت مقابلہ کیا۔علاقے میں گزشتہ دو دنوں سے آپریشن جاری تھا اور ہماری فوجیں کام پر تھیں لیکن علاقے میں گھنے جنگلات ہیں اور کسی بھی وقت کچھ بھی ہو سکتا ہے۔ دلباغ سنگھ کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے جوانوں نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ڈی جی پی نے مزید کہا کہ مزید آپریشنل کارروائی جاری ہے اس کے علاوہ کچھ نہیں کہا جا سکتا۔فوج کے سینئر افسران، اے ڈی جی جموں زون اور سی آر پی ایف کے افسران نے بھی انکانٹر کی جگہ کا دورہ کیا اور آپریشنل جائزہ لیا۔
پیر پنجال میں16ہفتوں کے دوران
۔10فوجی اور7شہریوں کی ہلاکتیں
سمیت بھارگو
راجوری//دہشت گردی کے شدید چیلنج کا سامنا کرتے ہوئے، پیر پنجال کا خطہ گزشتہ16 ہفتوں میں10 فوجی اور7شہری ہلاکتوں کا شکار ہو چکا ہے جس نے سکیورٹی سیٹ اپ کو کٹہرے میں کھڑا کر دیا گیا ہے۔رواں سال یکم جنوری کو دہشت گردوں نے ڈھنگری گائوں میں ایک منصوبہ بند حملہ کیا ، جس میں 7 مقامی افراد ہلاک اور تیرہ زخمی ہوئے تھے جب کہ 20اپریل کو بھاٹہ ڈھوریاں حملے میں 5 فوجی مارے گئے۔جبکہ 5 مئی کو کیسری ہل حملے میں ایلیٹ اسپیشل فورس کے پانچ فوجی اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔یہ خطہ جو کبھی 2019 سے پرامن سمجھا جاتا تھا، بھاری جانوں کے ضیاع کے ساتھ سیکیورٹی کی سنگین صورتحال کی طرف بڑھ رہا ہے۔