سرینگر//نیشنل کانفرنس کے صدر اور ممبر پارلیمنٹ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہاہے کہ این سی ہمیشہ عوام دوست جماعت رہی ہے ،اس جماعت کا مدعا و مقصد ہر حال میں خدمت خلق کرنا رہا ہے، ڈاکٹر فاروق نے منگل کو سونہ وار، بیروہ، خانصاحب،چاڈورہ اور زیڈی بل، ہندوارہ ،حضرت بل اور پہلگام کے وفود کیساتھ تبادلہ خیالات کرتے ہوئے ان باتوں کا اظہار کیا۔ سونہ وار کے وفد نے ڈاکٹر فاروق عبداللہ کو روز مرہ کے عوامی مسائل و مشکلات کے علاوہ کنٹونمنٹ بورڈ کی طرف سے تعمیراتی سرگرمیوں پر پابندی ، اجازت نہ دینے اور مجوزہ ٹیکس عائد کرنے کے معاملات سے بھی آگاہ کیا۔ وفد نے کہا کہ کنٹومنٹ بورڈ کی طرف سے بادامی باغ کے دیوار سے لیکر ساڑھے 4سو میٹر تک تعمیراتی سرگرمیوں پابندی عائد کر رکھی ہے جس کی وجہ سے مقامی آبادی کو زبردست کوفت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔اس کے علاوہ بھی تعمیری کاموں کیلئے اجازت نامہ حاصل کرنا ناکوں چنے چبانے کے مترادف ثابت ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ وفد نے بچوں کیلئے تفریحی پارک اور میرج ہال کے قیام کو انتہائی لازمی قرار دیا۔ اس کے علاوہ کنٹونمنٹ بورڈ کے تحت آنے والے علاقوں کو ویسی ہی سہولیات میسر ہونی چاہئے جیسی ملک کے دیگر کنٹونمنٹ بورڈوں کے تحت آنے والوں علاقوں کو حاصل ہے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ وہ آج ہی بورڈ کے جنرل کیساتھ معاملات اُٹھانے کے علاوہ 4مئی کو مرکزی وزارتِ دفاع کے پاس آپ کے مشکلات و مسائل اور مطالبات کو میمورنڈم کی صورت میں پیش کروں گا۔ انہوں نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ وہ اپنے ایم پی فنڈ میں سے میرج ہال اور تفریحی پارک کیلئے معقول فنڈس فراہم کریں گے۔ اس کے علاوہ انہوں نے خانصاحب اور بیروہ سے آئے ہوئے وفود کو بھی مختلف کاموں کیلئے رقومات دینے کا وعدہ کیا۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال، سینئر نائب صدر چودھری محمد رمضان، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، ایم ایل سی علی محمد ڈار، ایم ایل اے الطاف احمد کلو، سینئر لیڈران عرفان احمد شاہ، محمد سعید آخون، پیرآفاق احمد،تنویر صادق ، شوکت احمد میر ، غلام نبی بٹ،مشتاق احمد گور اور جگدیش سنگھ آزاد وبھی موجو دتھے۔