کشتواڑ//تعمیری کاموں کی الاٹمنٹ میں مقامی ٹھیکیداروں کو نظر انداز کئے جانے پرکشتواڑ کنٹریکٹر ایسو سی ایشن نے چناب ویلی پائور پروجیکٹ CVPPکے خلاف احتجاج درج کروایا۔ مظاہرین ، جن کی قیادت تنویر حسین منٹو کر رہے تھے ، نے CVPPکے دفتر کے باہر نعرہ بازی کرتے ہوئے کہا کہ مقامی ٹھیکیداروں کے ٹینڈر بلا جواز رَد کر کے بیرونی علاقوں سے آئے ہوئے منظور نظر ٹھیکیداروں کو کام الاٹ کئے جا رہے ہیں۔ پروجیکٹ کی جانب سے ٹینڈر ڈالنے کے لئے وضع کی گئی شرائط کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے مظاہرین نے کہا کہ اس کا مقصد صرف مقامی ٹھیکیداروں کو مقابلہ آرائی سے باہر رکھنا ہے تا کہ من مرضی کے ٹھیکیداروں کو کام الاٹ کئے جا سکیں ۔ اس موقع پر راشد الطاف نے کہا کہ پروجیکٹ مقامی ٹھیکیداروں کا مستقبل تاریک کرنے پر تلی ہوئی ہے ، اگر چہ یہاں کی زمین، پانی اور وسائل کا استعمال کر کے ہائیڈرو پروجیکٹ تعمیر کئے جا رہے ہیں لیکن مقامی لوگوں کو اس کا فائدہ ہونے کے بجائے نقصان ہی اٹھانا پڑ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پروجیکٹ نے ان کے ٹینڈر بلا کوئی نوٹس جاری کئے منسوخ کر دئیے جس سے کام کاج میں شفافیت نہ ہونے کا عندیہ ملتا ہے ۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ اور وزیر بجلی سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملہ میں مداخلت کریں بصورت دیگر وہ احتجاج کو وسعت دینے پر مجبور ہوں گے۔