سرینگر// جمو ںوکشمیر سٹیٹ بورڈ آف سکول ایجوکیشن کی جانب سے 11ویں جماعت کے کمسٹری پرچے کو منسوخ کرنے کے خلاف طلباء نے سنیچر کو پریس کالونی میں احتجاجی کرتے ہوئے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ پرچے کی منسوخی کے فیصلے کو واپس لیں ۔سرینگر کے کئی اسکولوں میں زیر تعلیم 11ویں جماعت کے طلباء پریس کالونی میں جمع ہوئے اور’ ہمیں انصاف دو‘ کے نعرے لگاتے ہوئے کہا ’سٹیٹ بورڈ آف اسکول ایجوکیشن نے کمسٹری پرچے کا امتحان دوبارہ لینے کا فیصلہ کیا ہے جو ہمارے ساتھ سراسر نا انصافی ہے کیونکہ ہم پہلے ہی مذکورہ پرچے کے لئے امتحان دے چکے ہیں‘ ۔انہوں نے کہا ’ ہم نے اپنی محنت کے ساتھ مذکورہ پرچے کی تیاری کے بعد ہی یہ امتحان دے دیا ہے تاہم اب بورڈ حکام یہ کہتی ہے کہ پرچہ لیک ہو گیا تھا ‘ ۔معلوم رہے کہ کمسٹری پرچہ لیک ہوجانے کے بعد سٹیٹ بورڑ آف اسکول نے مذکورہ پرچے کو منسوخ کرنے کے بعد15دسمبر کواس کا دوبارہ امتحان لینے کا اعلان کیاہے۔