بانڈی پورہ//پی ڈی پی وزراء نے کہاہے کہ اگرچہ ان کی پارٹی نے متصادم نظریات کے ساتھ گٹھ جوڑ کیا ہے لیکن اس کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ پارٹی نے اپنے نظریات تبدیل کئے ہیں۔وزراء نے کہاکہ ہم اپنے موقف اور نظریات پر قائم ہیں زمینی سطح پر تیز تر ترقی خوشحالی اور استحکام کیلئے بھاجپا کے ہاتھ ملایا ہے۔ وزیر مملکت برائے جنگلات فشریز وشیپ اینڈ ہسبنڈری ظہور احمد میر نے کہا کہ ہماری پارٹی کو کم سیٹیں ملنے کی وجہ سے گٹھ جوڑ کرنا پڑا اور ہم سیاسی طور پر برتری حاصل نہ کرسکے۔ اگر ہماری پارٹی کو چالیس سے زیادہ سیٹیں ملتی تو ہم مرکز کو مسئلہ کشمیر حل کرنے کے لیے دباؤ آسانی سے ڈال سکتے۔ انہوں نے کہاکہ جموں والوں اتحاد کا مظاہرہ کرکے 25 سیٹیں حاصل کی ہیں۔وزیر موصوف نے سابقہ ایم ایل اے نظام الدین بٹ کے سرکاری رہائش گاہ واقع بلاک ڈیولمنٹ بانڈی پورہ میں منعقد ورکروں کے کنونشن سے خطاب کرنے کے دوران ان خیالات کااظہارکیا ۔ وزیر موصوف کے علاوہ دیہی ترقی کے وزیر ایڈووکیٹ حق خان اور جنرل سیکرٹری نظام الدین بٹ نے بھی خطاب کیا اور عوام کے سامنے ترقیاتی منصوبوں کا خاکہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں پچھلی سرکاری سے قرضہ کے طور پر بھاری رقوم ملی ہے جس کو ادا کرنے کے لیے بہت عرصہ لگ چکا ہے جبکہ مسلسل نامساعد حالات نے بھی روڑے اٹکا کر بریک لگادی ہے جس کی وجہ سے تعمیر و ترقی کے خاکہ کو زمین پر عملانے کے لیے سست رفتاری نمایاں طور پر ظاہر ہو رہی ہے۔ نیشنل کانفرنس اور کانگریس کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے پی ڈی پی وزراء نے کہا کہ ان کے دور میں سب سے زیادہ خونریزی ہوئی ہے اور بری طرح سے بشری حقوق پامال بھی ہوئے ہیں لیکن اب کشمیری عوام کے ہمدرد بن کر اپنے سیاہ ماضی کو لیپا پوتی کرکے گمراہ کن بیانات سے حالات کو پٹری پر لانے کے لئے روڑے اٹکا رہے ہیں ۔وزیر مملکت برائے شیپ ہسبنڈری جنگلات ظہور احمد میر نے پانار بانڈی پورہ پرائیویٹ شیپ فارم کا افتتاح کیا ۔