سرینگر//وزیر خزانہ اور محنت و روزگار سید محمد الطاف بخاری نے کلرکل کیڈر کے نمائندوں کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی جس میں اُن کے تمام مطالبات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیف سیکرٹری بی بی وِیاس، پرنسپل سیکرٹری فائنانس ، نوین کمار چودھری اور ڈائریکٹر کوڈس محمد رفیع اندرابی کے علاوہ مختلف کلرکل ایسو سی ایشنز کے نمائندے بھی میٹنگ میں موجود تھے۔میٹنگ کے دوران کلرکل کیڈر کی طرف سے اٹھاے گئے معاملات کو جائزقرار دیا گیا اور یہ یقین دہانی کرائی گئی ان مطالبات کے حل کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں گے ۔ کلرکل کیڈر کی طرف سے دی گئیں تجاویز کو اصولی طور منظور کیا گیا۔ وزیر موصوف کے مطابق اُن کی تنخواہوں کے سلسلے میں شکایات کو ایک ہفتے کے اندر اندر حل کرنے کیلئے لوازمات طے کئے جائیں گے ۔وزیر نے کہا کہ گوکہ ان اقدامات سے خزانہ عامرہ پر بھاری بوجھ پڑے گا تاہم عوام اور ملازمین کے مفاد میں سرکار کلرکل کیڈر کے مطالبات کو منظور کرے گی۔