سرینگر//متحدہ جہاد کونسل کے سیکریٹری جنرل اور تحریک المجاہدین کے امیر شیخ جمیل الرحمان نے وادی میں فورسز کے ہاتھوں ہلاکتوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ دہلی حکومت کشمیریوں سے انتقام لے رہی ہے ، نہتے اور معصوم نوجوانوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کرنا اور ان کا وحشیانہ قتل بھارتی فورسز اور ان کے آقاﺅں کی غیر پیشہ واریت اور تیزی سے گرتے مورال کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت جو مرضی قتل عام اور نسل کشی حربے تیز کرے، کشمیری کبھی سرینڈر نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی شہداءکی امانت ہے جس پر سودا بازی نہیں ہو سکتی۔ بھارت سفارت، سیاست، اخلاقیات اور کسی بھی انسانیت کو تسلیم نہ کر کے دنیا کو چیلنج کر رہا ہے۔ اگر دنیا نے بھارتی جارحیت کا نوٹس نہ لیا تو یہ اس خطے ہی نہیں بلکہ سب کے لئے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔ شیخ جمیل الرحمان نے شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ کشمیریوں کا صبر و استقامت، بہادری اور اتحاد دنیا کے لئے ایک مثال بنے گی۔