سرینگر//نیشنل کانفرنس نے شوپیان میں نوجوانوں کی ہلاکت اور متعدد کو زخمی کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیریوں کا خون بہانا روز کا معمول بن کر رہ گیا ہے اور آئے روز ہلاکتیں موجودہ حکومت کی سب سے بڑی حصولیابی بن کر سامنے آئی ہے۔ این سی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور کارگذار صدر عمر عبداللہ نے مہلوکین کے اہل خانہ کیساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ نیشنل کانفرنس اس غم میں برابر شریک ہے۔ لیڈران نے کہا کہ چھوٹی سی چھوٹی بات پر بندوقوں کے دہانے کھولنا اب معمول بن کر رہ گیا ہے اور حکومت لوگوں کو جان و مال کا تحفظ فراہم کرنے میں سرے سے ہی ناکام ہوگئی ہے جبکہ پی ڈی پی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی بحیثیت یونیفائیڈ کمانڈ سربراہ فوج اور سیکورٹی فورسز پر لگام کسنے اور ایس او پی پر عمل درآمد کرانے میں ناکام ہوگئی ہیں۔ دونوں لیڈران نے مہلوکین کے جملہ سوگوران خصوصاً والدین کیساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ نیشنل کانفرنس اس غم میں برابر شریک ہے۔ دونوں رہنمائوں نے زخمی ہوئے افراد کی فوری صحت یابی کیلئے بھی دعا کی۔