سرینگر// حریت (گ)ترجمان نے کہاہے کہ اُدھمپور جموں کے مقام پر تازہ پھلوں، سبزیوں اور دیگر ایشیائے خوردنی سے لدے ہوئے کشمیری ٹرکوں کو روکے رکھے جانے سے یہاں کی تاجر برادری کو آئے روز کھربوں روپئے مالیت کا خسارہ اُٹھانا پڑتا ہے۔ ترجمان نے پارمپورہ سرینگر فروٹ منڈی کے فروٹ مرچنٹس کی برادری کی طرف سے انتظامیہ کی ان کاروائیوںکے خلاف پُرامن صدائے احتجاج کو بلند کرنے کو حق بجانب قرار دیتے ہوئے جملہ تاجر برادری کے ساتھ اپنی دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ بیان کے مطابق حریت چیرمین سید علی گیلانی کی ہدایت پر حریت کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے پارمپورہ فروٹ منڈی جاکر تاجر برادری کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے ارباب اقتدار ریاست جموں کشمیر کی معیشت کو تباہ وبرباد کرنے کیلئے اسرائیلی طرز کی منصوبہ بندی پر عمل پیرا ہوچکا ہے۔ حریت وفد نے ریاست کے مقامی ٹھیکیدار برادری کو تعمیراتی پروجیکٹوں کے حوالے سے نظرانداز کرتے ہوئے انہیں گونا گوں مشکلات کا شکار بنائے جانے کی ریشہ دوانیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح انتظامیہ غیر ریاستی ٹھیکداروں کی ترجیحی بنیادوں پر ٹھیکے الاٹ کرنے کا راستہ صاف کرنے کی سامراجی طریق کار کو نافذالعمل کرنے پر بضد رہتے ہوئے یہاں بے روزگاری اور غربت کو بڑھاوا دیا جارہا ہے۔ حریت وفد نے ریاستی عوام کو ایک محنت کش قوم ہونے کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ اس مظلوم ومقہور قوم نے آج تک بیرونی حملہ آوروں اور غاصبوں کے سامنے ہاتھ پھیلانے سے گریز کیا ہے۔ حریت وفد نے ریاستی محنت کش طبقے کو اپنی ٹانگوں پر کھڑا رہنے کو قابل فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس قوم نے صدیوں کی غلامی کے باوجود آج تک اِسے رضا ورغبتاً تسلیم نہیں کیا ہے اور اپنی تحریکِ مزاحمت کو اپنے خونِ جگر سے سینچنے کی روایت کو برقرار رکھا ہے۔