سرینگر// قومی محاذِ آزادی کے سینئر رُکن اعظم انقلابی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم ہند نریندر مودی نے 15 اگست کی تقریر میں کشمیر کی صورتحال کے متعلق بیان کہ’ کشمیر کو ایڈریس کرنے کے لیے گولی اور گالی کی زبان استعمال نہیں ہوگی‘سے یہ اخذ کیا جاسکتا ہے کہ شاید مودی جی سمجھ گئے ہیں کہ کشمیر کی صوفی منش قوم کو بندوق سے زیر کرنا ممکن نہیں۔ اعظم انقلابی نے کہاکہ کشمیریوں کا مطالبہ ہے کہ بھارتی حکمران ایٔفائے عہد کا قصد کریں۔ بھارت کی جنگِ آزادی کے ہیرواور پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو نے 11 نومبر 1947 ء کو لال چوک سرینگر میں ہزاروں لوگوں اور شیخ محمد عبداللہ کی موجودگی میں اعلان کیا کہ ہماری فوجیں یہاں کشمیر پر قبضہ جمانے کے لیے موجود نہیں ۔ بھارت جمہوری ملک کو حیثیت سے وعدہ کرتا ہے کہ کشمیر یوں کو ریفرنڈم کے ذریعے کشمیر کے مستقبل کا تعین کرنے کا موقع دیا جائے گا۔ پھر اقوام متحدہ کی کشمیر سے متعلق قرار دادوں میں بھی بھارت اور پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ کشمیر یوں کو رائے شماری کے ذریعے کشمیر کے سیاسی مستقبل کا تعین کرنے کا موقع دیا جائے گا۔ہم کشمیری اصرار کر رہے ہیں کہ بھارت اور پاکستان جنگ بندی لائن کے آرپار سے اپنی فوجوں کو واپس بلائیں، دیوارِ برلن (یعنی LOC ) کو حرفِ غلط کی طرح مٹایا جائے تاکہ سرینگر اور مظفر آباد تک پھیلے ہوئے کشمیر کے باسی اپنی پار لیمنٹ میں جمہوری انداز میں حقِ خود اراریّت کے اصول کے تحت فیصلہ کریں آیا وہ آزاد اور خود مختار رہنا چاہتے ہیں یا بھارت یا پاکستان یعنی دو میں سے کسی ایک ملک کے ساتھ کوئی انتظامی رشتہ قائم کرنا چاہتے ہیں۔ افسوس کہ بھارتی حکمرانوں نے ہمارا جمہوری حق تسلیم کرنے کے بجائے لاکھوں کشمیریوں کو قبرستان پہنچادیا۔ اور ہمارے شہداء کی صف میں بطل حریت مقبول بٹ، افضل گورو، میر واعظ مولوی فاروق، خواجہ عبدالغنی لون، ڈاکٹر قاضی نثار، شیخ عبدالعزیز، ایس حمید، ڈاکٹر غلام قادر وانی، مقبول ملک، مولانا شوکت شاہ، ایڈووکیٹ حسام الدین اور جلیل اندرابی بھی شامل ہیں۔ یہاں کے شہداء کی قبریں ہی مُزاحمتی تحریک میں نئی روح پھونکتی رہتی ہیں۔ کشمیر کے باسی اپنے عظیم شہیدوں کی یاد سے بیقرار ہوتے ہیں۔ بھارتی حکمران ذرا سمجھنے کی کوشش کریں کہ سبھی کشمیری رہنما، دانشور ، وکیل، طلبہ اور تاجر دفعہ 35A کے تحفّظ کے لیے بھرپور مُزاحمتی تحریک برپا کرنے کا اعلان کر چکے ہیں۔ کشمیر میں آگ سے کھیلنا دانشمندی نہیں۔ کشمیری قوم ہر قیمت پر 35A کی حفاظت کرے گی