عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//کشمیر سے تعلق رکھنے والے معروف ٹیکنالوجی ماہر اور المقیط سسٹمز کے سی ای او ظفر اویس اندرابی کو عالمی ٹیلی کام تحقیقاتی ادارے ROCCOنے دنیا کے سرفہرست 10رہنمائوں میں شامل کیا ہے، جسے کشمیر کے لیے بین الاقوامی سطح پر ایک اہم اعزاز قرار دیا جا رہا ہے۔اندرابی کو یہ اعزاز ٹیلی کام اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں ان کی نمایاں خدمات، قیادت اور مسلسل اثر و رسوخ کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔ ROCCOریسرچ کے ایوارڈکو دنیا بھر میں موبائل آپریٹرز، وینڈرز اور
صنعت سے وابستہ فیصلہ ساز حلقوں میں خاص اہمیت حاصل ہے۔ظفر اندرابی کی یہ کامیابی نہ صرف ان کی ذاتی محنت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی عکاس ہے بلکہ کشمیر کے نوجوانوں کے لیے بھی ایک حوصلہ افزا مثال ہے۔ ان کی کمپنی المقیط سسٹمز نے برسوں کے دوران مقامی نوجوانوں کو عالمی ٹیکنالوجی اور ٹیلی کام صنعت سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔کمپنی نے نوجوانوں کے لیے تربیت، مہارت سازی اور عملی منصوبوں میں شرکت کے مواقع فراہم کیے ہیں، جس کے ذریعے متعدد کشمیری نوجوانوں نے سسٹمز ڈیولپمنٹ، نیٹ ورک انفراسٹرکچر، سائبر سکیورٹی اور انٹرپرائز سلوشنز جیسے شعبوں میں مہارت حاصل کی ہے۔