سرینگر//بی جے پی وزراء کی جانب سے کشمیری بیوروکریٹوں کی تذلیل کئے جانے اور انہیں اپنی وزارتوں میں اعلیٰ عہدوں پر دیکھنے پر آمادہ نہ ہونے کی رپورٹوں کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے انجینئر رشید نے اس معاملے کو شرمناک بتایا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ اس سے زیادہ تباہ کن کیا ہوگا کہ کشمیری افسروں کو اس حد تک تنگ کیا جارہا ہے کہ وہ اجتماعی طور مستعفی ہونے پر آمادہ بتائے جارہے ہیں۔ انجینئر رشید نے کہا کہ بی جے پی کے وزراء کا وطیرہ ریاست اور یہاں کی افسر شاہی کو فرقہ وارانہ خطوط پر بانٹنے کی کوشش کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر ایسی رپورٹس سچی ہیں تو یہ نا قابل قبول اور قابل مذمت ہیں اور انکا نتیجہ انتہائی تباہ کن ثابت ہوسکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے وزراء کے کشمیری افسروں کو اپنی وزارتوں میں اعلیٰ عہدوں پر فائز دیکھنے پر آمادہ نہ ہونے سے یہ سوال پوچھا جاسکتا ہے کہ آخر ایسا کیا ہوا ہے کہ وہ کشمیریوں کو سکریٹریٹ میں دیکھنا برداشت نہیں کرپاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری افسروں کو ہی نہیں بلکہ بسنت رتھ جیسے ایماندار اور قابل افسر،جو عوام کے مفاد اوراطمینان کے مطابق ڈیوٹی کرتے ہوئے تباہ حال ٹریفک سسٹم کو سدھارنے کی کوشش کررہے ہیں،کے خلاف بھی سازشیں کی جانے لگی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر بی جے پی محبوبہ مفتی کو اس حد تک بلیک میل کرنے لگی ہیں کہ کشمیری افسروں کیلئے سکریٹریٹ میں کام کرنا نا ممکن ہونے لگا ہے تو پھر انکا نام کیلئے اقتدار میں رہنا اور پی ڈی پی کا خود کو علاقائی پارٹی بتانا شرمناک ہے۔