عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//کرکٹ بیٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کشمیر نے ’سونی انٹرٹینمنٹ ‘ٹیلی ویژن اور ریئلٹی ٹی وی شو’ شارک ٹینک انڈیا‘ کے شرکاء کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ایسو سی ایشن کے ایک بیان کے مطابق یہ فیصلہ 30 جنوری 2024 کو شو کے نشر ہونے کے بعد آیا ہے، جس میںترمبو کشمیر کرکٹ بیٹس کی نمائندگی کرنے والے شرکاء نے مبینہ طور پر کشمیر کرکٹ بیٹ مینوفیکچرنگ صنعت کے بارے میں بے بنیاددعوی کیا۔ بیان میں ایسوسی ایشن کے صدر فیاض احمد ڈار، نائب صدر اور ترجمان فضل کبیر اور ایسوسی ایشن کے دیگر ممبران نے ریئلٹی شو کے دوران بیان کوگمراہ کن قرار دیا۔ مقابلہ کرنے والوں نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ کشمیر کی بلے سازی کی صنعت میں سرخیل ہیں،جس کی ایسوسی ایشن نے سختی سے تردید کی۔ایسوسی ایشن نے کہا کہ ان کے ممبروں کے ذریعہ تیار کردہ کرکٹ بلوں کو بڑے پیمانے پر تسلیم کیا جاتا ہے۔ ایسوسی ایشن نے بلے بنانے کے عمل کی ’مسخ شدہ وضاحت‘ کی تنقید کی، جس سے وادی کشمیر کے کاریگروں کی محنت اور صبر کو نقصان پہنچا۔ایسوسی ایشن اراکین نے شو کے دوران دیگر مقامی برانڈز کو مسترد کرنے پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ’شارک ٹینک انڈیا‘ شوکے دوران کئے گئے دعوئوں کو من گھڑت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اُن کا کاروبار متاثر ہواہے اور صنعت کی شبیہ کو داغدار کیا گیا ہے۔ایسوسی ایش سونی انٹرٹینمنٹ ٹیلی ویژن سے کہا ہے کہ اپنے پلیٹ فارم پر نشر ہونے والے مواد کی ذمہ داری قبول کی جائے، اسی شو پر معافی مانگنے کے علاوہ نقصانات کے معاوضے فراہہم کیا جائے۔ ایسوسی ایشن نے کہا کہ قانونی کارروائی پہلے سے ہی جاری ہے اور وہ مقدمے کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پرعزم ہیں۔