بھدرواہ //جنرل آفیسر کمانڈنگ ڈیلٹا فورس ،میجر جنرل سی پی سانگڑا نے روزنامہ کشمیرعظمیٰ و گریٹر کشمیر کے وادی چناب کے نامہ نگار طاہر ندیم خان یوسف زائی کو دیگر دو صحافیوں اور ایک دانشور کے ہمراہ مشکل ترین حالات میںبہترین کام کرنے کو تسلیم کرتے ہوئے انکی عزت افزائی کی ہے۔اس سلسلہ میںصحت افزا مقام پدری گلی، بھدرواہ میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں فوجی افسروںکے علاوہ سماجی کارکناں.،سیاسی لیڈروں، طلاب اور صحافیوں نے شرکت کی۔وادی چناب کے صحافیوں اور دانشوروں کی قابل قدر خدمات انجام دینے پر جی او سی نے کہا انہیں بعض صحافیوں کی جانب سے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر بہت ہی خوشی حاصل ہوئی ہے،جنھوں نے ناقابل رسائی دور دراز علاقوں کے مسائل اُبھار کر انکا سد باب کرکے ہمیں متاثر کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سے یقینی طور پر ان علاقوں کے مسائل کسی حد تک حل ہوجائیں گے۔انہوں نے وادی چناب میں صحافیوں اور دانشوروں کی جانب سے مشکل ترین حالات میں علاقہ کی خوشحالی، بھائی چارے اور رواداری کو برقرار رکھنے کے لئے کئے گئے کام کی سراہنا کی۔اس موقعہ پر روزنامہ کے صحافی طاہر ندیم خان کے علاوہ نامہ نگار راجا رہبر جمال اور سیر حُسین کی بھی عزت افزائی کی گئی۔ اس کے علاوہ وادی چناب کے ایک نامور دانشور عارف رانا کی بھی عزت افزائی کی گئی۔جنتا دل سیکولر کے ریاستی صدر مست ناتھ یوگی نے اس موقعہ پر اپنے خطاب میں کہا کہ مُجھے ان صحافیوں کی بہترین کارکردگی پر فخر محسوس ہو رہا ہے۔اس موقعہ پر دیگران میں جنتا دل سیکولر کے ریاستی صدر مست ناتھ یوگی، بھدرواہ کیمپس کے ریکٹر پروفیسر جی ایم بٹ،سنتان دھرم سبھا بھدواہ کے صدر وید کوتوال ،آل انڈیا ریڈیو بھدرواہ کے پروگرام ایگزیکٹو سنجے شرما ،ڈاکٹر گھنیشام جھا ، راج سنگھ چاڑک و دیگران موجود تھے۔