سرینگر//مسئلہ کشمیر کو پرامن اور مستقل طور پر عوامی خواہشات کے عین مطابق حل کرنے پر زور دیتے ہوئے جماعت اسلامی نے اقوام عالم سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی منصبی ذمہ داریوں کو ادا کرتے ہوئے اس دیرینہ تنازعہ کو حل کرنے کی خاطراپنا تعمیری کردار ادا کریں۔ایک بیان کے مطابق’’ جماعت اسلامی اقوام عالم تک یہ پیغام ابلاغ کرنا اپنا فرض منصبی سمجھتی ہے کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے عین مطابق حل کیا جائے اور یہاں جاری سیاسی غیر یقینیت اور ہیبت ناک صورتحال کا سنجیدہ نوٹس لے کر انسانی حقو ق کی پامالیوں میں ملوث سرکاری اہلکاروں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرکے مظلوم کشمیریوں کو انصاف فراہم کیا جائے‘‘۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کے اجلاس کے موقعہ پر اقوام عالم پر زور دیا جاتا ہے کہ وہ کشمیر میں ہورہی انسانی حقوق کی پامالیوں کا نوٹس لے کر مسئلہ کشمیر کے پائیدا اور پرامن حل کی خاطر ٹھوس اور سنجیدہ اقدامات اُٹھائیں تاکہ سیکورٹی کونسل کی قرار دادوں کے عین مطابق اس دیرینہ تنازعہ کا حل نکالا جاسکے۔