سرینگر//وادی کے ایک کمسن بچے نے وزیراعظم نریندرمودی سے جموں کشمیرمیں4جی انٹرنیٹ سروس کو بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔کے ین ایس کے مطابق وزیراعظم جب منگل کی صبح ذرائع ابلاغ پرقوم سے خطاب کے دوران ملک بھر میں جاری لاک ڈائون میں 3مئی تک توسیع کئے جانے کااعلان کرہے تھے،تو اس دوران کشمیرکے کسی حصے میں ایک نامعلوم کمسن طالب علم ٹیلی ویژن اسکرین کے سامنے وزیراعظم سے جموں کشمیرمیں4جی انٹر نیٹ کو بحال کرنے کا مطالبہ کررہا تھا۔سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی کئی سکینڈ کی ایک ویڈیو کلپ میں یہ کمسن طالب علم وزیراعظم سے مخاطب ہوکر کہتا ہے،’’مودی جی ہم نے بہت تالیاں بجائی ،یہاں4جی انٹرنیٹ بحال کیاجائے ،ہمیں آن لائن تعلیم حاصل کرنے میں مشکلات کاسامنا کرناپڑرہا ہے‘‘۔