حیدرآباد//نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فارق عبداللہ نے کہا ہے کہ کشمیر نہ کبھی پاکستان کا تھا،نہ پاکستان کا ہوگا،یہ ہندوستان اور اس کے عوام کے ساتھ رہے گا،جب تک دنیا قائم ہے کشمیر ہندوستان کا ہی رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ اللہ نے ہم کو کشمیر کی شکل میں جنت بخشی ہے ، اس کا خیال ہم لوگوں نے نہیں رکھا ہے ، ہم اس جنت کو جہنم بنانے کے ذمہ دار ہیں۔فاروق عبداللہ نے آندھرا پردیش کی حکمران جماعت تلگودیشم کی حمایت میں ضلع کڑپہ میں انتخابی مہم چلائی۔ فاروق نے کہاکہ جموں وکشمیر ہندوستان کا حصہ گاندھی کی وجہ سے ہوا،جب گاندھی جی نے ملک کی بنیاد ڈالی اور انگریزوں کے خلاف لڑائی کی گئی اس وقت کسی نے یہ نہیں دیکھا کہ اس لڑائی میں حصہ لینے والوں کا مذہب کیا ہے ،زبان کیا ہے اور وہ کہاں کے رہنے والاہے،یہ لڑائی متحدہ طورپر لڑی گئی تھی۔مگر آج جو ہندوستان بن رہا ہے ، وہ گاندھی کا ہندوستان نہیں ہے ،اس ملک میں اس بات کا فرق کیا جارہا ہے کہ کون مسلمان ہے ، کون دلت ہے ۔ انتخابات سے پہلے یہ شور اٹھا تھا کہ رام مندر بنائیں گے لیکن آج بات کی جارہی ہے کہ پاکستان پر حملہ کیاگیا،ہندوستانی تو ہندوستان کو مضبوط کرناچاہتے ہیں،مگر ہم یہ بھی دیکھنا چاہتے ہیں کہ ہمارے پڑوسی بھی مضبوط ہوں اور دہشت گردی کا خاتمہ کیاجائے ۔ فاروق عبداللہ نے سابق وزیراعظم واجپئی کی کشمیر میں سرحدپر تقریر کا حوالہ دیا اور کہا کہ ہمارے مائیک پاکستان کی طرف بھی لگے ہوئے تھے ۔انہوں نے کہا کہ واجپئی نے کہاتھاکہ دوست بدلے جاسکتے ہیں،پڑوسی نہیں بدلے جاسکتے ،اگر ہم پڑوسی کے ساتھ دوستی میں رہیں گے اور وہ ہمارے ساتھ دوستی میں رہیں گے تودونوں ترقی کریں گے ۔