سرینگر// نیشنل کانفرنس کارگزار صدر عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ کشمیر میں سیاسی مسئلہ کے بعد اگر کوئی دوسرا بڑا مسئلہ ہے تو وہ بے روزگاری ہے۔انہوں نے موجودہ مخلوط سرکار کی پالیسیوں کو عوام اور نوجوان دشمن قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کیساتھ جو وعدے کئے گئے اُن کے عین برعکس کام کرکے ان کی اُمیدوں پر پانی پھیر دیا گیا ہے۔ پارٹی ہیڈکوارٹر پر یوتھ نیشنل کانفرنس کے صوبائی اجلاس سے خطاب کے دوران عمر عبداللہ نے کہا کہ کورپشن، چور دروازے سے بھرتیوں اور اقربا پروری جیسے اقدامات سے ہماری نئی نسل نالاں ہونے کے ساتھ ساتھ غیر یقینیت کی صورتحال میں مبتلا ہے، موجودہ مخلوط اتحاد نے نوجوان پود کیساتھ نہ صرف دھوکہ اور فریب کیا بلکہ ہر سطح پر نظرانداز کرکے ان مستقبل کے معماروں کیساتھ بہت زیادہ ناانصافی کی۔انہوں نے کہا کہ موجودہ مخلوط حکومت کی پالیسیاں عوام دشمن اور نوجوان دشمن ثابت ہوئی ہیں، نوجوانوں کیساتھ جو وعدے کئے گئے اُن کے عین برعکس کام کرکے نوجوانوں کی اُمیدوں پر پانی پھر دیا گیا۔ کشمیر میں سیاسی مسئلہ کے بعد اگر کوئی دوسرا بڑا مسئلہ ہے تو وہ بے روزگاری ہے لیکن موجودہ حکومت نے اس جانب کوئی بھی توجہ مبذول نہیں کی۔ عام نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع معدوم کر کے دکھ دیئے گئے اور اپنے اقارب، رشتہ داروں اور دوستوں، جو کسی بھی لحاظ سے اہل نہیں تھے، کو بڑے بڑے عہدوں پر فائز کیا گیا اور موٹی موٹی تنخواتیں دی گئیں۔ خدانخواستہ اگر کسی عام نوجوانوں کو سرکار کی طرف سے روزگار فراہم بھی ہوا تو اُسے ایس آر او 202کے تحت نوکری فراہم کی جبکہ اپنے احباب و اقارب کو سیدھے گزیٹیڈ پوسٹوں پر فائز کیا جارہا ہے۔عمر عبداللہ نے کہا کہ موجودہ مخلوط حکومت کے غلط فیصلوں اور پالیسیوں سے ریاست میں ہر طرف افراتفری ہے ، ایسے میں ہمارا فرض بنتا ہے کہ ہم عام کی آواز بن کر اُن کے مسائل و مشکلات کو اجاگر کرنے میں پیش پیش رہیں۔