نئی دہلی // وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے پیر کو کہا کہ کشمیر سے جنگجوئیت کا جلد صفایا ہو جائے گا کیونکہ آرٹیکل 370 اور 35 اے کی وجہ سے وہاں علیحدگی پسند قوتوں کو جو طاقت ملتی تھی وہ طاقت اب ختم ہوچکی ہے ۔وزیر دفاع نے پاکستان کو ’دہشت گردی ‘کی حمایت کرنے پر بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ پراکسی وار کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے ہندوستان میں عدم استحکام پیدا کرنے میں مصروف ہے۔
پیر کو آنجہانی بلرام جی داس ٹنڈن لیکچر سیریز میں ’قومی سلامتی‘ کے موضوع پر اپنے خطاب میں سنگھ نے کہا”مجھے یقین ہے کہ کشمیر میں باقی دہشت گردی بھی ختم ہو جائے گی۔ مجھے یہ بھی یقین ہے کیونکہ وہ طاقت جو علیحدگی پسند قوتوں کو آرٹیکل 370 اور 35A کی وجہ سے وہاں انہیں حاصل تھی ، اب ختم ہوچکی ہے“۔
سیکورٹی فورسز کی جانب سے جنگجوﺅں کے خلاف کی گئی سخت کارروائی کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا ” اس سے بہت کچھ بدل گیا ہے اور ان میں یہ اعتماد پیدا ہوا ہے کہ وہ ملک کے دفاع کے فرائض کی انجام دہی میں انہیں کھلی چھوٹ رہے گی“۔