جموں // پولیس سربراہ ڈاکٹر شیش پال وید نے کہا کہ کشمیری عوام امن چاہتے ہیں اور وادی میں گذشتہ دو برسوں کے دوران بہت خون بہایا جاچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست اس وقت امن کی طرف گامزن ہے اور یہ سیکورٹی فورس جوانوں کی قربانیوں سے ہی ممکن ہوسکا ہے۔ ڈاکٹر وید نے ہفتہ کے روز نگروٹہ علاقہ میں واقع جگتی ٹاون شپ میں پولیس کے مہلوک سیلکشن گریڈ کانسٹیبل دیپک ٹھسو کے افراد خانہ سے ملاقات کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا ’انسداد عسکریت پسندی آپریشنز بہت ضروری ہیں تاکہ کشمیری عوام راحت کی سانس لے سکیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ ہمیں موسم گرما میں حالات پرامن رہے۔ لوگ امن کے لئے ترس رہے ہیں۔ وہ امن چاہتے ہیں۔ میں سمجھتا ہوں کہ گذشتہ دو برسوں کے دوران تشدد میں بہت خون بہایاجاچکا ہے۔ یہ اعلیٰ وقت ہے کہ وہ لوگ جو دہشت گردی کو فروغ دے رہے ہیں، احساس پیدا کرے‘۔ انہوں نے مزید کہا ’ریاست اس وقت امن کی طرف گامزن ہے اور یہ بہادر جوانوں کی قربانیوں سے ہی ممکن ہوسکا ہے‘۔