مظفر آباد//حزب سربراہ اور متحدہ جہاد کونسل چیئرمین سید صلاح الدین نے کہا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر کو دبانے اور کمزور کرنے کیلئے بھارتی قیادت ہر حربہ استعمال کررہی ہے ۔ نہتے شہریوں کا قتل عام اور دوسری طرف محبوس تحریکی قائدین اور کارکنوں کو تختہ مشق بناکر انسانی حقوق کی بدترین پامالیاں ہورہی ہیں ،لیکن امن کے ٹھیکیدار اور عالمی انسانی حقوق کی تنظیمیں خا موش ہیں ۔چیئر مین جہاد کو نسل نے محبوسین کشمیر جن میں ڈاکٹر محمد قاسم فکتو بھی شامل ہیں‘ کی وادی سے باہر جیلوں میں منتقلی کی مذمت کی اور کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے تحریکی قائدین و کارکنوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالا جارہا ہے ۔وادی سے باہر جیلوںمیں محبوسین کے ساتھ ناروا سلوک کی خو فناک کہا نیاں منظر عام پر آرہی ہیں ،لیکن عالمی انسانی حقوق کی تنظیمیں ،قیدیوں کے حقوق کی بدترین پامالیوں کو روکنے کیلئے بھارت پر دبائو ڈالنے میں اب تک ناکام نظر آرہی ہیں ۔ صلاح الدین نے عالمی اداروں بالخصوص ایمنسٹی انٹر نیشنل اورہیومن رائٹس واچ کو ان معاملات کی طرف فوری توجہ دینے اوربھارت پر دباو ڈالنے کا مطابہ کیا ۔انہوں نے مزاحمتی قیادت کی طرف سے دئیے گئے پروگرام کی حمایت کرتے ہوئے بھارت نواز کشمیری تنظیموں کے ضمیر کو جنجھوڑنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ آخر کب تک یہ لوگ حریت پسند کشمیری عوام کا قتل عام کرنے میں ،بھارتی حکومت اور بھارتی فورسز کا حاشیہ بردار بنتے رہیں گے۔انہوں نے شوپیاں سانحے میں شہید ہونے والے بچوں او راونتی پورہ میں کمانڈر مفتی وقاص کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کا لہو ضائع نہیں ہوگا ۔