عظمیٰ نیوز سروس
سریبگر// روزنامہ کشمیر عظمیٰ کے عملہ ادارت کے سابق رکن محمد ابراہیم قریشی ساکن آبی گزر لالچوک سرینگر طویل علالت کے بعدسنیچر کی صبح انتقال کر گئے۔
مرحوم طویل عرصے سے گردوں کے عارضہ میں مبتلا تھے اور دونوں گردے ناکارہ ہوجانے کی وجہ سے ڈیالیسز پر تھے۔چونکہ مرحوم کے فرزند ملازمت کے سلسلے میں بیرون ریاست مقیم تھے تو اُن کی آمد کا انتظار کیاگیا اوردیر شام ان کی آمد کے بعد مرحوم کی نماز جنازہ رات پونے نو بجے آبی گزر میں ہی انجام دی گئی جس میں کشمیر عظمیٰ کے تمام ارکان کے علاوہ سماج کے مختلف طبقوں سے وابستہ لوگوںکی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔بعد ازاں مرحوم کے جسد خاکی کواشبر نشاط کے قبرستان واقع بالمقابل سی آئی ای ریذیڈنس، نزدیک سنسٹ بلیوارڈ ریسٹورنٹ میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ کشمیر عظمیٰ کے عملہ ادارت کا ایک تعزیتی اجلاس بھی منعقد ہوا جس میں مرحوم کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے پسماندگان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا جبکہ مرحوم کی بلندی ٔدرجات کیلئے دعا کی گئی۔کشمیر عظمیٰ کے مدیر اعلیٰ فیاض احمد کلو نے بھی محمد ابراہیم قریشی کے انتقال پر سوگوار کنبہ کے ساتھ تعزیت پرسی کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی ہے ۔اس دوران خاندانی ذرائع کے مطابق مرحوم کی اجتماعی فاتحہ خوانی سوموار 27نومبر کو صبح 11بجے اشبر نشاط کے قبرستان واقع بالمقابل سی آئی ای ریذیڈنس، نزدیک سنسٹ بلیوارڈ ریسٹورنٹ میں انجام دی جائے گی اور اسی کے ساتھ ہی تعزیت پرسی کا سلسلہ ختم ہوجائے گا۔