بانہال// سرینگر۔جموں شاہراہ پر رام بن ضلع میں خونی نالہ علاقے میں سنیچر کو ایک مسافر بردار گاڑی سڑک سے لڑھک کر نالے میں جاگری جس کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت کم از کم پانچ افراد کی موت واقع ہوگئی ۔ اس حادثے میں ایک مسافر شدید زخمی ہوگیا ۔ یہ گاڑی شاہراہِ سے لڑھک کر 700 فٹ نیچے نالہ بشلڑی میں جا گر ی۔
ذرائع نے بتایا کہ یہ مسافر گاڑی سرینگر سے جموں کی طرف جارہی تھی۔
صبح 9.30 بجے کے قریب پیش آئے حادثے کے فورابعد پولیس اور کیو آر ٹی رام بن کے رضاکاروں نے بچاو کاروائیوں کا آغاز کیا اور سخت کوششوں کے بعد گہری کھائی سے جاں بحق اور زخمی افراد کو نکالا گیا۔
ایس ایس پی رام بن پی ڈی نتیا نے بتایا کہ حادثے کے نتیجے میں موقع پر ہی تین مسافروں کی موت واقع ہوگئی جبکہ دو زخمیوں نے بعد میں دم توڑدیا۔
اس حادثے میں ہلاک ہونے والے پانچ افراد کی شناخت ہوگئی ہے اور ان میں گرو رام ولد ہنس راج ساکن تالاب تلو جموں،ونیت کور دختر جے پی سنگھ ساکن گپکار سرینگر ، شگن کمار(سی آر پی ایف اہلکار) ساکن کنگرا،محمد رفیع ولد لال دین ساکن بلکوٹ اوڑی اور سنجیو کمار ساکن ریاسی شامل ہیں۔