سرینگر/حکام نے جمعرات کو کہا کہ سرینگر۔جموں شاہراہ آج پھر جزوی طور ہی کھلی رہے گی جبکہ اس شاہراہ پر صرف درماندہ گاڑیوں کو ہی چلنے کی اجازت دی جائے گی۔
گذشتہ روز کم و بیش تین ہزار گاڑیاں جواہر ٹنل پار کرکے وادی کے اندر داخل ہوئیں جن میں سے ایک ہزار ضروری اشیاء سے لدی تھیں۔
حکام کے مطابق آج شاہراہ پر جموں کی طرف جانے والی درماندہ گاڑیوں کو چلنے کی اجازت دی گئی ہے تاکہ شاہراہ پر گاڑیوں کی تعداد کم کی جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ شاہراہ پر رامبن۔رامسو سیکٹر میں مروگ کے مقام پر کم و بیش دو سو میٹر سڑک بہت خراب ہے اور یہاں بہت احتیاط کی ضرورت ہے۔ نیز یہاں سڑک اتنی تنگ ہے کہ اس پر صرف ایک ہی گاڑی چل سکتی ہے۔
ذرائع کے مطابق شاہراہ کو گاڑیوں کی آمد و رفت کے قابل بنائے جانے کے بعد سے وادی میں اشیائے ضروریہ کی فراہمی میں قدرے بہتری آئی ہے۔