سرینگر// جمعیت اہلحدیث کے صدر پروفیسر غلام محمد بٹ المدنی نے کہا ہے کہ علماء کرام دنیا میںانبیاء کے وارث ہیںاور آخری نبی حضرت محمد ؐنے ظلم کے خلاف چپ سادھ لینے والے کو گونگا شیطان قرار دیا ہے، چونکہ علماء کا شیوہ رہا ہے کہ وہ عوام الناس کی صحیح رہنمائی کے ساتھ ساتھ ظلم دیکھ کر کبھی بھی خاموشی اختیار نہیںکرتے، لہٰذا علماء کو ہدفِ تنقید بنانا کسی بھی صورت میںدرست نہیں۔انہوں نے مسئلہ کشمیرکو ایک سیاسی اورمتنازعہ مسئلہ قرار دیتے ہوئے اس کے سہ فریقی مذاکراتی حل پر زور دیتے ہوئے واضح کیا کہ علماء کرام وادی میںآئے روز ڈھائے جانے والے مظالم ، پکڑدھکڑ ، تھانہ حاضریوں ،عصمت دریوں ، بلا وجہ مارپیٹ اور دیگر ایسی سینکڑوں زیادتیوں پر خاموش نہیں رہ سکتے۔ بیان میںعلماء کرام کو سماج کا ایک اہم حصہ قرار دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا گیا کہ سماجی مسائل اُجاگر کرنا علماء کرام کی دینی اور اخلاقی ذمہ داری ہے، نیز ارباب اقتدار سے سرحد وں پر جاری سرد جنگ اور بستیوں میںجاری قہر وستم کو روکنے اورعالمی انسانی حقوق کے اداروں سے فی الفور مداخلت کی اپیل کی گئی ہے۔