مسئلہ کوبھرپور طریقے سے اٹھانے کا فیصلہ ، وزارت خارجہ کو ہدایات
اسلام آباد // پاکستانی وزیراعظم عمران خان اور صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ یہ بات ناگزیر بن گئی ہے کہ خطے میں امن کے استحکام کیلئے کشمیر کا حل اقوام متحدہ قراردادوں کے مطابق نکالا جائے۔انہوں نے اس امر کا ٓطہار کیا کہ وہ باہمی مساوات کی بنیاد پر ہمسائیہ ممالک کیساتھ تعلقات استوار کرنے کے خواہشمند ہیں۔ یوم دفاع کے موقع پر اپنے پیغام میںوزیراعظم نے کہا کہ ہم اپنے ہمسائیوں سمیت پوری دنیا سے برابری کی بنیاد پر باہمی تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت کیساتھ باہمی اشتراک کیساتھ تعلقات بڑھانے کیلئے انکی حکومت تیار ہے۔پاکستانی صدر نے کہا کہ یہ بات ناگزیر بن گئی ہے کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کے اصولوں کے مطابق نکالا جائے۔وزیراعظم نے مطالبہ کیا کہ عالمی طاقتیں کشمیر میں بھارتی ظلم و تشدد کی روک تھام کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ دریں اثناء پاکستان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں مسئلہ کشمیر کو بھرپور طریقے سے اٹھانے کا فیصلہ کرلیا اور وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر دفتر خارجہ نے تیاریاں شروع کردیں۔سفارتی ذرائع نے بتایا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 73ویں اجلاس میں مسئلہ کشمیر کو بھرپور طریقے سے اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔دفتر خارجہ نے امریکا، روس، چین، برطانیہ، فرانس اور جرمنی میں پاکستانی سفیروں سے رابطہ کیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی مستقل رکنیت رکھنے والے ان 5 ممالک میں تعینات پاکستانی سفیروں کو خصوصی ہدایات جاری کی گئیں ہیں۔خصوصی ہدایات کے مطابق پاکستانی سفیر میزبان ممالک کو نئی پاکستانی حکومت کے مسئلہ کشمیر پر مضبوط موقف سے آگاہ کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر وزرائے خارجہ کے سائیڈ لائن اجلاس میں مسئلہ کشمیر کو اٹھایا جائے گا اور عالمی برادری کو کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کے دستاویزی ثبوت فراہم کئے جائیں گے۔پاکستان، رکن ممالک کو اقوام متحدہ کی کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق رپورٹ کا حوالہ بھی دے گا۔
اقوام متحدہ میںہندوپاک مندوبین پھر اُلجھ گئے
سرینگر //قیام امن کیلئے مسئلہ کشمیر اور فلسطین کے حل کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے پاکستان نے کہا ہے کہ فلسطین اورکشمیر کے عوام انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سامنا کررہے ہیں۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ فلسطین اورکشمیر کے عوام انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سامنا کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کی تمام قراردادوں پرعملدرآمد کی ضرورت ہے جبکہ عالمی برادری تنازعات کے حل کی بجائے تماشا دیکھ رہی ہے۔ پاکستانی مندوب کے تقریر میں اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے بھارت کے سنیئر ڈپلومیٹ سری نواس پرساد نے ایک بار پھر کشمیر کو بھارت کا اٹوٹ انگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھارت میں دہشت گردی پھیلا کر خطہ کو عدم استحکام کا شکار کر رہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ میں اپنے ہمسایہ ملک سے اس بات کی یاد دہائی کرانا چاہتا ہوں کہ جموں کشمیر بھارت کا اٹوٹ حصہ تھا اور ہمیشہ رہے گا اور کوئی بھی طاقت اس کو بھارت سے الگ نہیں کر سکتی ۔