نئی دہلی//کشمیر کے حالات بہتر قرار دیتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ وینکیا نائیڈو نے کہا کہ جموں وکشمیر میں امن بحالی پہلی ترجیح ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ کچھ ممالک مسلسل بھارت کے اندرونی معاملات پر تبصرہ کرتے ہیں ،ہم ان ممالک کو بتاتے ہیں کہ آپ اپنے ممالک کی فکر کریں ہم اپنے معاملات سنبھالنے کے اہل ہیں۔ نئی دلی میں ایک کالج کی تقریب کے دوران اپنے خطاب میں وینکیا نائیڈو نے کہا کہ ہندوستان کے اندرونی معاملات پر تبصرہ کرنا چند ممالک کا معمول بن گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے معاملات پر تبصرہ کرنا ایک فیشن بن گیا ہے۔جموں کشمیر سے دفعہ 370کے خاتمہ کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر میں دفعہ 370عارضی تھا جس کے بعد اس معاملے کو لیکر پارلیمنٹ میں بحث ہوئی اور تب جاکر ہماری سرکار نے اس کا خاتمہ کیا ۔ انہوں نے کہا’’لیکن میں یہ سمجھنے سے قاصر ہوں کہ اس معاملے کو بھی کچھ ممالک نے اپنے ذاتی مقاصد کیلئے اجاگر کیا ‘‘۔ انہوں نے کہا کہ میں واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ جموں کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ تھا ، ہے اور رہے گا۔کشمیر میں سرحد پار کی طرف سے چھیڑی گئی درپردہ جنگ کا ذکر کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ درپردہ جنگ ہی کشمیر میں امن کیلئے بڑا خطرہ ہے اور اس خطرے سے نمٹنے کیلئے ہر سطح پر سیکورٹی فورسز کو کام کرنا ہوگا۔کشمیر کے حالات کو بہتر قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں تعینات فوج کیلئے امن بحالی پہلی ترجیح ہے تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ سرحد پار کی درپردہ جنگ کشمیر میں امن کیلئے ہنوز خطرہ ہے ۔