عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//مرکزی تفتیشی بیورو(سی بی آئی)نے جمعہ کو جموں و کشمیر ایڈمنسٹریٹو سروس (جے کے اے ایس) 2015بیچ کے افسر کو سرینگر میں مبینہ طور پر رشوت لیتے ہوئے گرفتار کیا۔حکام نے بتایا کہ ملزم کی شناخت سرفراز احمد بٹ کے طور پر کی گئی ہے جو اس وقت سرینگر کے سولینہ میں واقع سلک فیکٹری کے دفتر میں سٹیٹ سیلز ٹیکس آفیسر کے طور پر تعینات ہے۔ اسے 20,000 روپے کی رقم کا مطالبہ اور قبول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔ذرائع کے مطابق، یہ جال ایک شکایت کے بعد بچھایا گیا تھا، اور سی بی آئی اہلکاروں نے افسر کو اس کے دفتر کے احاطے میں پکڑنے کے لیے تیزی سے حرکت کی۔ ایک اہلکار نے بتایا، “افسر کو لین دین کے فوراً بعد حراست میں لے لیا گیا، اور اس سے رشوت کی رقم برآمد کر لی گئی۔”سی بی آئی نے باضابطہ مقدمہ درج کر لیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا ملزم بدعنوانی کے دیگر واقعات میں ملوث تھا۔سرفراز احمد شوپیان کا رہنے والا ہے اور وہ بی ڈی او پلوامہ کے طور پر بھی فرائض انجام دے چکا تھا۔ وہ 2019سے سیلز ٹیکس میں تعینات تھا۔