سرینگر //جمعیت ہمدانی کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے وادی میں نوجوانوں کی مسلسل ہلاکتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کہ’ آئے روز وادی میں نوجوانوں کے جنازے اُٹھائے جارہے ہیں اوراہل کشمیر کو ایک نوآبادی کالونی اور فوجی چھاونی میں تبدیل کیا جارہا ہے‘ ۔ انہوں نے ہندوستان اور پاکستان کے رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ مل بیٹھ کر مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے فوری طوربات چیت شروع کریں تاکہ ریاست میں لاقانونیت اور قتل و غارت کاسلسلہ بند ہو جائے اور سرحدوں پر خاموشی کی فضا قائم ہو ۔ مولانا جمعیت کے ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ کب تک اہل کشمیر سے آئینی اور جمہوری حقوق چھین کر طاقت کے بل پر دبایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر ایک زندہ مسئلہ ہے جو اقوام متحدہ میں تسلیم شدہ مسئلہ ہے اور آرپار اقوام متحدہ دفاتر اور ابزرورس موجود ہیں۔مولانا نے کہا کہ کشمیری مسئلہ کشمیر کے فریقِ اول ہیں۔ اجلاس میں امن پسند ممالک خصوصاً اسلامی ممالک کے سربراہوں سے اپیل کی گئی کہ وہ کشمیر میں خونین کھیل بند کرانے کے لئے ہندوستان پر دباؤ ڈالیں۔ اجلاس میں صدر جمعیت عبدالرشید گانی ، پارٹی کے جنرل سیکریٹری پیر ذادہ محمد اشر ف عنایتی ، ایڈوکیٹ میرسیداور غلام نبی میر بھی موجود تھے ۔