عظمیٰ نیوزسروس
جموں//وزیر برائے خوراک، شہری رسدات و اَمورِ صارفین، اِنفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹرانسپورٹ، اَمورِ نوجوان و کھیل کود ستیش شرما نے جمعہ کو گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) جموں کا دورہ کیا تاکہ کشتواڑ کے حالیہ بادل پھٹنے کے واقعہ میں زخمی ہو ئے اَفراد کی عیادت کرسکے ۔وزیر موصوف کے ہمراہ پرنسپل جی ایم سی جموں ڈاکٹر اشوتوش گپتا، شعبہ آرتھوپیڈکس کے سربراہ ڈاکٹر سنجیو گپتا، میڈیکل سپراِنٹنڈنٹ ڈاکٹر وریندر ترسال اور اِنتظامیہ کے دیگر سینئر افسران بھی تھے۔اُنہوں نے دورے کے دوران زخمی مریضوں اور اُن کے تیمارداروں سے بات چیت کی، ان سے اظہارِ یکجہتی کیا اور اُن کی جلد صحتیابی کے لئے دُعا کی۔ اُنہوں نے ہسپتال حکام کو ہدایت دی کہ وہ زخمیوں کو اعلیٰ درجے کی طبی سہولیات، بروقت علاج اور چوبیس گھنٹے توجہ کو یقینی بنائیں۔ وزیر موصوف نے طبی ٹیموں کو مکمل طور پر چوکس رہنے اور متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی ہدایت دی اور یقین دہانی کی کہ یو ٹی اِنتظامیہ سانحہ سے متاثرہ اَفراد کی ہر ممکن مدد کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔اُنہوں نے جی ایم سی جموں کے ڈاکٹروں، پیرا میڈیکل سٹاف اور دیگر عملے کی ایمرجنسی سے نمٹنے میں ان کی کوششوں کی بھی ستائش کی اور اس مشکل وقت میں عوام کے ساتھ کھڑے رہنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔