عاصف بٹ
کشتواڑ// محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق ضلع کشتواڑ کے بالائی و میدانی علاقوں میں موسلادھار بارشوں سے عام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ۔تفصیلات کے مطابق اتوار کی دیررات سے ہی بارشوں کا سلسلہ شروع تھا جو دن بھر جاری رہا ۔جہاں بالائی و میدانی علاقوں میں جم کر بارشیں ہوئی وہی چند پہاڑی مقامات پر تازہ برفباری بھی درج کی گئی۔ بارشوں کے سبب ضلع بھر میں عام زندگی بری طرح مفلوج ہوکررہ گئی اور لوگوں نے گھروں میں رہنے کو ہی ترجیح دی۔ مڑواہ، دچھن ،واڑون، پاڈر ،مچیل ،چھاترو، چنگام ،مغلیمدان ،کیشوان،ٹھاکرائی ،سروڈ ،درابشالہ و بونجواہ میں بارشوں کے سبب عام زندگی مفلوج ہوئی۔سنتھن اننت ناگ قومی شاہراہ کو سنیچر کی بعد دوپہر ٓامدرفت کیلئے بند کردیاگیاتھا وہیں مرگن سڑک پر بھی اتوار کو آمدورفت معطل رہی۔ پاڈر سڑک پتھرنکی کے مقامی پر بھاری پسی گرآنے کے سبب کئی گھنٹوں تک آمدورفت کیلئے بندرہی جسے بعد میں بحال کردیاگیاجبکہ کشتواڑ بٹوت شاہراہ بھی کاندنی کے مقام پر پسی گرآنے کے سبب آمدرفت کیلئے بند رہی جسے بعد میں بحال کردیاگیا ۔ ضلع کے متعدد اندرونی سڑک رابطے پسیاں گرآنے کے سبب متاثر ہوئے جن پربعد دوپہر آمدورفت کو بحال کردیاگیا۔انتظامیہ نے آج ضلع بھر میں سبھی تعلیمی اداروں کو بند رکھنے کے احکامات جاری کئے تاکہ طلبہ کی حفاظت کو یقینی بنایاجاسکے۔ پولیس نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہیلپ لاین نمبرات جاری کئےاور ان پر رابطہ کرنے کو کہاگیاہے۔