عاصف بٹ
کشتواڑ //گزشتہ دنوں سے ضلع کشتواڑ کے جنگلات میں لگی ہوئی آگ پر محکمہ کی جانب سے قابو پالیا گیا ہے ۔چند روز قبل فارسٹ سروے آف انڈیا کی جانب سے جموں وکشمیر کے جنگلات میں آگ کے معامات کے سلسلہ میں ممکنہ طورپر ورننگ جاری کی گئی تھی جس کے بعد ضلع کشتواڑ کے جنگلات میں بھی آگ کی کئی وارداتیں رونما ہوئیں ۔اس سلسلہ میں کشمیر عظمیٰ کیساتھ بات چیت کرتے ہوئے ڈی ایف ائو کشتواڑ ساگر ریجوال نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے ضلع میں آگ کی کئی وارداتیں رونما ہوئیں تاہم محکمہ کے ملازمین کی انتھک کوششوں کی وجہ سے مذکورہ آگ پر قابو پا لیاگیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ خطہ میں گزشتہ کئی ماہ سے خشک سالی ہے جس کی وجہ سے جنگلات میں مذکورہ وار داتیں رونما ہو رہی ہیں ۔آفیسر موصوف نے عام لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ جنگل میں آگ جلانے سے پرہیز کریں ۔وہیں ضلع کے مختلف علاقوں میں آگ کی وجہ سے کئی ایک مقامات پر دھواں پھیلا ہوا ہے ۔